مظفرآباد

جویریہ زبیر قتل کیس، ملزمان نے ضمانتیں کروا لیں

ہٹیاں بالا(محمد اسلم مرزا سے) آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کے علاقہ قاضی آباد،جویریہ زبیر قتل کیس میں ایف آئی آر کے نامزد ملزمان تحصیل مفتی میرپور قاضی ابرارحسین،ان کی اہلیہ،بھتیجی نے ہائی کورٹ آزاد کشمیر سے پروٹیکشن ضمانت جبکہ مقتولہ کے سسر اور ساس نے ضلعی فوجداری عدالت ہٹیاں بالا سے عبوری ضمانتیں کروا لیں،قتل کی ایف آئی آر کے نامزد ملزم تحصیل مفتی کو ایس پی جہلم ویلی کی تحریک پر ملازمت سے معطل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جہلم ویلی کے علاقہ قاضی آباد،شاریاں میں 21 نومبر 2024 ء کو جویریہ زبیر اپنے کمرہ میں مردہ حالت میں پائی گئی،سسرالیوں نے اس کی موت کو طبعی قرار دیا،پوسٹمارٹم رپورٹ میں ڈاکٹر نے خود کشی قرار دی جبکہ سابق پولیس تفتیشی ٹیم نے بھی جویریہ زبیر کی موت کو خود کشی کا رنگ دیتے ہوئے کیس داخل دفتر کر دیا تھا،قتل ہونے والی خاتون کے والد زبیر بخاری تقریبا گیارہ ماہ تک دفاتر کے چکر لگاتے اور میڈیا کے سامنے اپنا موقف پیش کرتے رہے، مقتولہ کے والد کی گیارہ ماہ کی مسلسل کوششوں کے بعد مبینہ طور پر ہیر پھیر سے دبائے جانے والا قتل کیس اس وقت سامنے آگیا جب اعلیٰ سطحی میڈیکل بورڈ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا کی پوسٹمارٹم رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے جویریہ زبیر کی موت کو قتل قرار دیا جس کے بعد ایس ایچ او سٹی ہٹیاں بالا منظر حسین چغتائی نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر قتل کا مقدمہ زیر دفعات302/34اور109اے پی سی کے تحت درج کرتے ہوئے مقدمہ کے تین نامزد ملزمان عاقب منیر ولد محمد منیر،لبید منیر ولد محمد منیر،کامران منیر کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کردیا تھا، قتل کی ایف آئی آر کے دیگر نامزد ملزمان تحصیل مفتی میرپور قاضی ابرار حسین ان کی اہلیہ شہناز بی بی،ان کی بھتیجی عافیہ بی بی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ہائی کورٹ آزاد کشمیر سے تیس اکتوبر تک حفاظتی ضمانت جبکہ مقتولہ کے سسر منیر ولد شریف اور ساس دلشاد بی بی نے بھی ضلعی فوجداری عدالت ہٹیاں بالا سے تیس اکتوبر تک عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں،ایس پی جہلم ویلی کی تحریک پر نظامت مذہبی امور نے تحصیل قاضی میرپور کو ملازمت سے معطل کرتے ہوئے ان کی جگہ تحصیل مفتی میرپور کا اضافی چارج مفتی جاوید اقبال تحصیل مفتی ڈوڈیال تفویض کرنے کا حکم جاری کردیا ہے،قتل کیس کو مبینہ طور پر دبانے میں ملوث پولیس آفیسران،ڈاکٹر ز سمیت دیگر کے خلاف بھی کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔۔۔۔۔\

Related Articles

Back to top button