میرپور‘مغل فاؤنڈیشن ہسپتال میں سینکڑوں مریضوں کا مفت علاج جاری

میرپور(بیورو رپورٹ)فلاحِ انسانیت کے جذبے سے سرشار، معروف سماجی تنظیم مغل فاؤنڈیشن کا ایک اہم اجلاس گزشتہ روز مقامی دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت فاؤنڈیشن کے چیئرمین مرزا وجاہت بیگ نے کی۔ اجلاس میں تنظیم کی گورننگ باڈی کے اہم اراکین جن میں مرزا افتخار قیوم، مرزا طلعت محمود، محمود مغل، مقصود مغل، ضیاء رشید، اقبال مغل سمیت دیگر فعال رفقاء شامل تھے، نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد فاؤنڈیشن کی جاری فلاحی سرگرمیوں خصوصاً فاؤنڈیشن کے زیرِ انتظام چلنے والے فلاحی ہسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مستقبل کے لیے بہتری کی حکمتِ عملی وضع کرنا تھا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مغل فاؤنڈیشن کا یہ ہسپتال محدود وسائل کے باوجود علاقے کے مستحق اور نادار مریضوں کو نہایت معیاری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ ہسپتال میں روزانہ درجنوں مریضوں کو مفت چیک اپ، ادویات اور بعض صورتوں میں بنیادی علاج معالجے کی سہولت مہیا کی جاتی ہے۔ اس عوامی خدمت کو نہ صرف شہر بھر میں سراہا جا رہا ہے بلکہ یہ ادارہ ایک مثالی ماڈل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔اجلاس کے دوران شرکاء نے فلاحی ہسپتال کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے، جدید مشینری کی فراہمی، ماہر ڈاکٹروں کی شمولیت اور ادویات کی دستیابی کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔