ابیٹ آبادتازہ ترین

قبضہ مافیا غیر قانونی مائننگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے ، ڈپٹی کمشنر

ایبٹ آباد (محاسب نیوز)ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ریونیو ری ویو اجلاس کا انعقاد ڈپٹی کمشنر آفس ایبٹ آباد میں کیا گیا۔اجلاس میں ضلع بھر کے ریونیو معاملات، زمینوں کی ملکیت و انتقالات، قبضہ مافیا کے خاتمے، ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، اور سروس ڈیلیوری سینٹرز میں عوامی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گوہر علی، تحصیلداران، نائب تحصیلداران، سب رجسٹرار، ڈسٹرکٹ قانونگو اور دیگر ریونیو افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو نظام میں شفافیت، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی اور عوامی مسائل کا فوری حل حکومتِ خیبرپختونخوا کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ریونیو افسران اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور عوامی خدمت کو اپنا مقصد بنائیں۔اجلاس میں عوامی مفادات کے حوالے سے متعدد اہم نکات پر افسران کو ہدایات جاری کئی جس کے تحت ہر پٹواری اپنے آخری تین حلقوں کے حوالے سے مفصل رپورٹ مجوزہ فارم پر ایک ہفتے میں جمع کرائے۔قبضہ مافیا اور غیر قانونی پلاٹنگ سے متعلق جامع رپورٹ تیار کی جائے۔ نائب تحصیلدار ایبٹ آباد ایگریکلچر لینڈ پر پلاٹنگ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ مرتب کریں۔ تمام رجسٹریاں پٹواری کی رپورٹ کے بغیر بند رہیں گی۔ پٹوار خانوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہر پٹواری ماہانہ چھ کھاتے تحصیلدار کے زریعے خانہ کاشت سے خانہ ملکیت میں منتقل کرنے کا پابند ہوگا۔ تمام ریونیو افسران قبضہ مافیا سے متعلق کیسز کی تفصیلی رپورٹ دو ہفتوں میں جمع کروائیں۔ سروس ڈیلیوری سینٹرز میں پولیس سکیورٹی کی مستقل تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ پراپرٹی ڈیلرز اور غیر متعلقہ افراد کا سروس ڈیلیوری سینٹر میں داخلہ ممنوع ہوگا۔لینڈ ٹرانزیکشن فارم اگر سات دن میں جمع نہ ہوئے تو متعلقہ پٹواری کے خلاف کارروائی ہوگی۔ سرکاری زمینوں کی دیگر فریقین کو کیسز یا دیگر ریونیو تنازعات کے دوران منتقلی کی رپورٹ دو ہفتوں میں تیار کی جائے۔ریونیو دربار بروز اتوار 26 اکتوبر 2025 کو عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے منعقد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے مزید کہا کہ عوامی سہولت، شفافیت اور قانون کی عملداری ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات ہیں۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ عوام کو بہترین خدمات فراہم کرے اور گڈ گورننس کے عملی مظاہرے کو یقینی بنائے۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ مسائل کے حل میں متحرک کردار ادا کریں، عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں، اور ریونیو سسٹم میں بہتری کے لیے دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔

Related Articles

Back to top button