
افغانستان میں برسراقتدار طالبان رجیم کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے وزارت توانائی کو دریائے کنڑ پر جلد از جلد ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
افغان میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا ہے کہ ڈیم کیلئے میں ملکی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں اور غیر ملکی کمپنیوں کا انتظار نہ کیا جائے۔
اس حوالے سے پانی اور توانائی کے وزیر ملا عبداللطیف منصور کا کہنا ہے کہ افغانوں کو اپنے پانی کا انتظام خود کرنے کا حق ہے اور یہ تاریخی فیصلہ قومی ذخائر کو سنبھالنے کے لیے افغانوں کے مضبوط ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔
خیال رہے کہ دریائے کنڑ چترال سے نکلتا ہے اور تقریباً 482 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد دریائے کابل میں شامل ہو کر واپس پاکستان آتا ہے۔
گزشتہ دنوں بھی ملاعبداللطیف منصور نے دریائے کنڑ پر ڈیم بنانے کو طالبان حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دریائے کنڑ سے متعلق عالمی قوانین کی پاسداری کریں گے۔




