مظفرآباد

میرپور‘سب سے بڑے ٹیچنگ ہسپتال میں جدید سہولیات فراہمی شروع

میرپور(ظہور الرشید سے) ڈسٹرکٹ ہسپتال میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ٹیچنگ ہسپتال،اپگریڈیشن کے بعد جدید سہولیات کی فراہمی شروع میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز نے میڈیا ٹیم کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور (ڈی ایچ کیو) کا تفصیلی دورہ کرایا اور ہسپتال کی اپگریڈیشن کے بعد فراہم کی جانے والی جدید سہولیات اور جاری منصوبوں سے تفصیلاً آگاہ کیا ڈاکٹر عامر عزیز نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا ٹیچنگ ہسپتال ہے جس میں 400 بیڈز کی گنجائش موجود ہے، جبکہ 100 بیڈز پر مشتمل نیو سٹی ہسپتال بھی ڈی ایچ کیو کے ساتھ ایفیلی ایٹ ہے انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 24 کروڑ روپے مالیت کی مشینری اور دیگر سامان کی فراہمی سپلائرز نے شروع کر دی ہے۔ دو عدد الٹراساونڈ مشینیں نصب کی جا چکی ہیں جبکہ 200 کے وی اے کے دو جنریٹرز بھی لگا دئیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے ڈاکٹر عامر عزیز نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو میرپور میں سالانہ 14 ہزار ڈائلاسز کیے جا رہے ہیں، جبکہ ایک سال کے اندر کڈنی ٹرانسپلانٹ سینٹر کے قیام کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں کیتھ لیب سال 2021 میں قائم کی گئی تھی، تاہم انجیوپلاسٹی اور انجیوگرافی کی سہولت کے لیے مزید فنڈز درکار ہیں۔ جلد ہی ہسپتال کو علیحدہ کارڈیک ہسپتال کے طور پر بھی ڈیکلئیر کیا جائے گا۔ایم ایس ڈی ایچ کیو کے مطابق ہیلتھ کارڈ کے فعال ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔ اس مقصد کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہیلتھ کارڈ اور پیشنٹ فنڈ کے معاملات دیکھے گی۔ڈاکٹر عامر عزیز نے بتایا کہ آزاد کشمیر کا سب سے بڑا بلڈ سینٹر بھی اسی ہسپتال میں قائم ہے جہاں سے سالانہ 11 ہزار یونٹس بلڈ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال کی لیبارٹریاں نجی اداروں کے مقابلے میں کم نرخوں پر ٹیسٹ فراہم کر رہی ہیں تاکہ مریضوں پر مالی بوجھ کم ہو انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی اور شجرکاری کے لیے جامع پلان تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت پلانٹیشن، فروٹ پلانٹس اور ہریالی مہم جاری ہے۔ اس مہم میں سمیرا خورشید، ڈاکٹر سعید عالم اور مختلف فلاحی تنظیموں نے بھرپور تعاون کیا اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں 3 لاکھ 80 ہزار مریض ڈی ایچ کیو میں علاج کے لیے آئے، جبکہ موجودہ سال یہ تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 91 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ہیلتھ کارڈ کے مکمل فعال ہونے کے بعد یہ تعداد 7 لاکھ سے زائد ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گریڈ اسٹیشن سے ڈائریکٹ پاور لائن ڈی ایچ کیو تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد ہسپتال مکمل طور پر لوڈشیڈنگ فری ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سالانہ ریفرز کی تعداد صرف 700 ہے جو کہ مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی فراہمی کا واضح ثبوت ہے۔ڈاکٹر عامر عزیز نے کہا کہ کارڈیالوجی اسٹاف کی کمی سمیت کچھ انتظامی و تکنیکی چیلنجز اب بھی موجود ہیں جن پر کام جاری ہے۔ پارکنگ فیس سے حاصل ہونے والی آمدنی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں استعمال ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مریضوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے 1200 نئی پوسٹیں تخلیق کی جا چکی ہیں، جس سے طبی عملے کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور علاج معالجے کا معیار بہتر بنے گا۔اختتام پر ڈاکٹر عامر عزیز نے کہا کہ،ڈی ایچ کیو میرپور میں بہتری کا عمل مسلسل جاری ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو جدید علاج کی تمام سہولیات انہی کے شہر میں میسر آئیں، تاکہ کسی مریض کو بیرونِ ضلع یا ملک جانے کی ضرورت نہ پڑے۔

Related Articles

Back to top button