مظفرآبادمیڈیکل کالج میں سالانہ سپورٹس ویک کا آغاز، جاوید ایوب نے افتتاح کیا

مظفرآباد (محاسب نیوز)آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد میں سالانہ سپورٹس ویک کا شاندار آغاز.آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد میں سالانہ رنگا رنگ سپورٹس ویک کا باقاعدہ افتتاح نڑول اسٹیڈیم مظفرآباد میں ایک پُروقار تقریب کے ذریعے کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ حکومت سردار جاوید ایوب تھے، جبکہ کمانڈنٹ سی ایم ایچ مظفرآباد نے بھی خصوصی شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار جاوید ایوب نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا.”جس معاشرے میں کھیل کے میدان آباد ہوں، وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ ٹیم ورک، نظم و ضبط، اور قیادت جیسی صلاحیتوں کے فروغ کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر شوکت حیات خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ”طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما کے لیے غیر نصابی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں۔ کالج انتظامیہ ہمیشہ ہم نصابی سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہے گی تاکہ طلبہ ایک متوازن، باصلاحیت اور مثبت سوچ رکھنے والی شخصیت کے طور پر ابھر سکیں۔”




