مظفرآباد

ڈڈیال، 34ملین لاگت سے تیار ہونیوالی کنڈور سڑک کا سنگ بنیاد

ڈڈیال /میرپور (پی آئی ڈی)آزاد کشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے 34.145ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی کنڈور رابطہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر چیف انجینئرہائی وے تنویراحمدقریشی،ایس سی شاہرات انجینئر انعام الحق، چیئرمین بلدیہ چوہدری مسعود بھلوٹ،سابق چیئرمین چوہدری آفتاب احمدعلاقہ سیاکھ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیرتعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق کا سنگ بنیاد رکھنے پر عوام علاقہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیااور انہیں ہار پہنائے۔ اس رابطہ سڑک کی تعمیر سے عوام علاقہ کو ذرائع مواصلات کی جدید اور معیاری سہولیات میسر آسکیں گی۔وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے عوام علاقہ سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ وزیرا عظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی قیادت میں آزاد کشمیر بھر میں قانون و آئین کی بالادستی قائم رکھتے ہوئے جو اصلاحات لائی گئی ہیں اس کے بلا تحصیص ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے تحصیل ڈڈیال کے لیے دل کھول کر ترقیاتی فنڈز دیے جس کے باعث موجودہ دور حکومت میں تحصیل ڈڈیال میں تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے میگا پراجیکٹ شروع ہوئے ہیں اور کئی پراجیکٹ مکمل ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار آنے جانے والی چیز ہے میں نے اپنے دور میں کوشش کی ہے کہ لوگوں کے جملہ مسائل سیاسی وابستگی کے بجائے میرٹ پر حل کیے جائیں جس میں اللہ کی مہربانی سے مجھے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں چونکہ وزیراعظم آزاد کشمیر ایک دیانت دار اور بااصول لیڈر ہیں جنھوں نے حکومت کو عوامی خدمت کے تابع کیا۔اقتدار کے دوران پروٹوکول اورکرپشن کا خاتمہ کرنے میں اہم رول ادا کیا۔آزاد کشمیر کے ترقیاتی وسائل کا بھرپور دفاع کر تے ہوئے انہیں عوامی فلاح بہبود کے لیے استعمال کروایا۔وزیر اعظم کی کوششوں سے بجلی اور آٹا سستا مل رہا ہے جبکہ سرکاری اداروں میں لوگوں کے کام کاج بغیر سفارش ہو رہے ہیں اداروں میں نظم و ضبط اور حاضری بھی مثالی ہے۔وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے ریاست اور ریاست کے عوام کے لیے جو تاریخی کام کیے ہیں وہ ہمیشہ سنہری خروف میں لکھے جائیں گے۔انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ ان کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ شاہرات کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر معیاری اور مقررہ مدت میں مکمل ہونی چاہیے اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button