مظفرآباد

لاہور‘مسلم لیگ ن کااہم اجلاس‘ نواز شریف کاآزادکشمیر میں پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان

مظفرآباد (محاسب نیوز)مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اہم قائدین کا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے پارٹی قائد میاں نواز شریف کو آئندہ عام انتخابات اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں تنظیمی اُمور، انتخابی تیاریوں اور حکومتِ آزاد کشمیر کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے نواز شریف کے سامنے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی باضابطہ تجویز پیش کی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھی وفاقی وسائل سے حصہ داری کے مستحق ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں، معاشی استحکام اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔میاں نواز شریف نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو آگاہ کیا کہ وہ آئندہ ماہ دو روزہ دورہ? آزاد کشمیر کریں گے، جس میں مختلف ملاقاتیں، جلسوں اور عوامی رابطہ مہم کی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔نواز شریف نے آئندہ آزاد کشمیر انتخابات کو ”ریفرینڈم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخابات عوام کے اعتماد اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر عوامی مہر ثبت کرنے کا موقع ہوں گے۔ انہوں نے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے، کارکنان سے رابطے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی۔پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ انتخابی حکمتِ عملی، ممکنہ اتحاد، امیدواروں کے پینل اور انتخابی مہم کے اہم نکات پر بھی غور کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نے یقین دہانی کروائی کہ تنظیم مکمل طور پر متحرک ہے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا اور جلد ہی مزید مشاورتی اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Related Articles

Back to top button