مظفرآباد
جامعہ کشمیر،ایچ ای سی کے زیر انتظام آفیسران کی تربیت کا پروگرام شروع
مظفرآباد(محاسب نیوز)یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر میں پیر کے روز نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے یونیورسٹی مینجمنٹ کا باضابطہ افتتاح سٹی کیمپس میں کیا گیا۔ پانچ روزہ اس تربیتی پروگرام کا انعقاد نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد جامعات میں انتظامی، حکمرانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔تربیتی پروگرام میں جامعہ کشمیر کی انتظامیہ کے 25آفیسران شریک ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے ادارے کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی، ادارہ جاتی بہتری اور قومی اعلیٰ تعلیمی ترجیحات سے ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ موثر، پیشہ ورانہ اور اخلاقی بنیادوں پر قائم یونیورسٹی مینجمنٹ نہ صرف تعلیمی ترقی کے لیے ناگزیر ہے بلکہ عوامی اعتماد کے استحکام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔وائس چانسلر نے اس بات پر زور دیا کہ جامعات معاشرے کی فکری اور سماجی قیادت کرتی ہیں، اور تمام ادارہ جاتی سطحوں پر وقت کی پابندی کے انتظام کو ناگزیر قرار دیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی، محمد سلیم قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اسٹریٹجک ترجیحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ہائیرایجوکیشن کمیشن اعلیٰ تعلیمی اداروں میں گورننس، قیادت اور انتظامی مؤثریت کے فروغ کے لیے منظم اور ضرورت پر مبنی تربیتی پروگراموں کو فروغ دے رہا ہے۔ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل جامعہ کشمیر، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے معیارِ تعلیم، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معیاری نظامِ کارکردگی اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے یہ عناصر ناگزیر ہیں۔تقریب سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے ٹریننگ کوآرڈینیٹر اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ سردار ظفر اقبال نے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کے مقاصد اور افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یونیورسٹی کے انتظامی عملے کو جدید انتظامی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ بدلتے ہوئے ادارہ جاتی اور حکمرانی کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر مبشر نقوی،آفیسر تعلقات عامہ نے تربیتی پروگرام سے وابستہ اجتماعی توقعات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عملی نوعیت کی تربیت، مؤثر پیشہ ورانہ ابلاغ، اخلاقی حکمرانی اور اسٹریٹجک سوچ کو اعلیٰ تعلیمی انتظامیہ کے لیے بنیادی ضروریات قرار دیا۔افتتاحی تقریب کی نظامت اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، مس افشاں منیر نے انجام دی۔افتتاحی سیشن کے بعد پروگرام کے پہلے روز“پیشہ ورانہ ابلاغ اور دفتری طریقہ کار”کے عنوان سے جامع تربیتی ماڈیول کا آغاز ہوا۔ یہ سیشن ڈاکٹر زونیب طاہر، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے منعقد کیے، جن میں زبانی اور غیر زبانی ابلاغ، پیشہ ورانہ خط و کتابت، پریزنٹیشن اسکلز، رپورٹ نویسی، سرکاری اجلاسوں کے انعقاد، ایجنڈا کی تیاری اور کارروائی مرتب کرنے جیسے موضوعات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا۔ تربیت کا مقصد انتظامی رابطوں کو مؤثر بنانا، دفتری تاخیر کو کم کرنا اور یونیورسٹی نظام میں ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔پانچ روزہ نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے یونیورسٹی مینجمنٹ، جو یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر اور نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے، میں پیشہ ورانہ ابلاغ، قیادت اور ٹیم بلڈنگ، اخلاقی عوامی حکمرانی، پبلک سیکٹر مالی و منصوبہ جاتی انتظام، اسمارٹ گورننس کے لیے مصنوعی ذہانت، اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ بندی جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔





