
اوگی(نامہ نگار)ضلع تورغر کے سیاحتی مقام مچئے سر کے پہاڑوں میں شدید برفباری کے دوران لاپتہ ہونے والے نوجوان سیاح اور سوشل ایکٹوسٹ عنایت گلزار کی لاش سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران برآمد کر لی گئی۔ مرحوم کا تعلق اوگی کے گا¶ں ملوگا سے تھا۔ وہ 22 جنوری کو مچئے سر کی طرف روانہ ہوئے تھے تاہم اچانک شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث راستے میں پھنس کر لاپتہ ہو گئے تھے اور ان کا اہل خانہ سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا تھا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مانسہرہ ابرار علی کی قیادت میں ریسکیو 1122 اوگی ٹیم نے رضاکاروں کے ہمراہ دشوار گزار اور کئی فٹ برف سے ڈھکے پہاڑی علاقے میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والا سرچ آپریشن کیا اور مسلسل کوششوں کے بعد نوجوان کی لاش تلاش کر لی۔ ریسکیو اہلکاروں نے انتہائی احتیاط کے ساتھ لاش کو پہاڑ سے نیچے منتقل کیا تاہم دشوار گزار پیدل راستوں اور گہری برف کے باعث میت کو اوگی پہنچانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ریسکیو حکام کے مطابق عنایت گلزار تین روز قبل مچئے سر کے لیے نکلا تھا لیکن خراب موسم اور برفباری کی شدت کے باعث راستہ بھٹک کر برف میں پھنس گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکا۔ بعد ازاں لاش کو اوگی کے کیٹیگری ڈی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا قائم ہے جبکہ اہل علاقہ اور سماجی حلقوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔




