(پیٹرولیم مصنوعات۔ قیمتیں اضافہ)کرایوں کا جو تعین کیا جائیگا عملدرآمد یقینی بنایا جائے‘ڈپٹی کمشنر

مظفرآباد(پی آئی ڈی)ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی کی زیر صدارت امن امان کی صورتحال، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے کرایہ جات کے تعین کے حوالہ سے مجسٹریٹ صاحبان اور پولیس کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات میں حالیہ اضافہ کے بعد کرایوں کے تعین کا جائزہ لیا گیا۔ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش نوش کی قیمتوں کو جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں کا جو تعین کیا جائیگا ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ٹرانسپورٹرز اپنی مرضی سے کرایوں کو نہ بڑھائیں بلکہ جاری کردہ کرایہ نامہ پر ہی عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو بھی جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق رکھنے کے لیے مجسٹریٹ صاحبان بازاروں کے حسب سابق معائنہ کو یقینی بنائیں اور طے کردہ قیمتوں پر ہی عملدرآمد یقینی بنائیں۔ عید الفطر کے موقع پر بازاروں میں رش میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لیے کسی بھی مشکوک سرگرمی پر نظر رکھی جائے اور تاجروں کے ساتھ مل کر امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھا جائے۔ موجودہ ملکی حالات کے تناظرمیں سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بھی شر پسند امن وامان کو خراب نہ کر سکے۔




