کابل غیر محفوظ ہوگا تو اسلام آباد بھی محفوظ نہیں رہے گا: افغان وزیرِ دفاع

کابل(صباح نیوز)امارتِ اسلامیہ افغانستان کے وزیرِ دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد نے کہا ہے کہ افغانستان کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا، تاہم اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گی، لیکن اگر افغان عوام کو دھمکی دی گئی تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں مولوی محمد یعقوب مجاہد نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے باوجود افغانستان نے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی۔ ان کے مطابق متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی اور سعودی عرب کی ثالثی میں کئی مرتبہ مذاکرات ہوئے، تاہم کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آ سکا اور اسی دوران پاکستان کی جانب سے دوبارہ کارروائیاں شروع ہو گئیں۔ افغان وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ کابل کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ دونوں ممالک تحریری معاہدہ کریں جس کے تحت افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف اور پاکستان کی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔




