پٹرولیم مصنوعات قیمتیں اضافہ عوامی حقوق پر براہِ راست ڈاکہ ہے‘مبارک حیدر

مظفرآباد (سپیشل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اور امیدوار اسمبلی حلقہ 3 سٹی مظفرآباد سردار مبارک حیدر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے حقوق پر براہِ راست ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں گی جس کا براہِ راست بوجھ پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار عوام پر پڑے گا۔اپنے ایک بیان میں سردار مبارک حیدر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے نتیجے میں آٹا، سبزیاں، دالیں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتی، لیکن اس کے برعکس مہنگائی کے اس طوفان میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی کی زندگی پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے مزید مسائل پیدا کرے گا۔ سردار مبارک حیدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔



