میرپور میں ڈینگی کے 74کیس رپورٹ‘ہدایات جاری

میرپور (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کی سربراہی میں انسداد ڈینگی وائرس کے سلسلہ میں انتظامیہ،محکمہ صحت عامہ،میونسپل کارپوریشن اورمحکمہ زراعت کے افسران کا مشترکہ اجلاس منعقدہ ہوا۔اجلاس میں مئیر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ،ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹرسی ڈی سی ڈاکٹر شمائلہ کرن،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت آصف جمیل، ڈویژنل انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک،ایس ڈی اوبلدیہ راجہ جواد احمداور سی ڈی سی کے فوکل پرسن ظفر اقبال نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرسی ڈی سی ڈاکٹر شمائلہ کرن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میرپور میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کے اس وقت تک382ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 74پازیٹو پائے گے اس وقت ضلع کے کسی بھی ہسپتال میں کوئی مریض داخل نہیں ہے جبکہ 5مریض گھروں میں آئیسولیٹ ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی ایک وائرل انفیکشن ہے جو ایک خاص قسم کے مادہ مچھر کی افزائش اور اس کے کاٹنے سے پھیلتا ہے،محکمہ صحت عامہ نے ڈینگی مچھر کے سد باب کے لئے سپرے مہم شروع کر رکھی ہے۔اس حوالے سے میرپور شہر میں میونسپل کارپویشن اور محکمہ زراعت کے باہمی اشتراک سے انسداد ڈینگی سپرے شروع کر دیا ہے۔عوام الناس ڈینگی مچھر کے لاروے کی افزائش کوروکنے کے حوالے سے تعاون کریں۔ وہ اپنے گھروں میں صاف پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔سورج طلوع اورغروب کے اوقات کے دوران باہر نہ نکلیں اور بچوں کو پورے آستینوں والے کپڑے پہنائیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کی ابتدائی علامات میں 90فیصد مریضوں میں معمولی نزلہ زکام اور بخار ہوتا ہے۔درمیانے درجے کی علامات آنکھوں کے پیچھے شد ید درد جلد پر خارش اور سرخ دھبوں کانمودار ہونا،ہڈیوں اور جوڑوں میں شد ید درد ہونا شامل ہیں جبکہ انتہائی اہم علامات میں چہرے کا رنگ سرخ ہونا، سانس لینے میں دشواری، مسوڑھوں سے خون آنا ہے۔مچھر کے کاٹنے کے 2 سے 6 ایام میں علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ان علامات کے ظاہر ہونے پر قریبی مرکز صحت میں فوری چیک اپ کروانا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے محکمہ صحت عامہ سی ڈی سی،میونسپل کارپوریشن اور محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کیں کہ وہ ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کے لیے شہر بھر اورضلع بھر میں انسداد ڈینگی وائرس سپرے کریں۔ ڈینگی مچھر کے لاروے کے خاتمے کے لیے صفائی و ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اس حوالے سے بلدیہ اور دیگر ادارے اپنی ذمہ داریوں کو پوری کریں۔ شہری آبادیوں،کمرشل ایریا،سڑکات،پارکس،گرڈاسٹیشن،قبرستانوں،گملوں،ٹائروں سمیت دیگر آس پاس کی جگہوں میں صفائی و ستھرائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ڈینگی مچھر کے لاروہ سے مچھر کی افزائش نہ ہوسکے