گلگت بلتستان

KIU اور کمیونٹی ورلڈ سروسزکے مابین موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق

دورے کے دوران وائس چانسلر کے آئی یو اور دیگر فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی

گلگت (محاسب نیوز) کمیونٹی ورلڈ سروسز (CWS) کے اعلیٰ سطحی وفدنے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق دورے کے دوران وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور دیگر فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں رونما ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وائس چانسلرکے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے تعلیمی اور کمیونٹی کی سطح پر موسمیاتی مسائل سے نمٹنے پر زور دیا۔سی ڈبلیو ایس کے وفد نے کے آئی یو کے ساتھ شراکت داری کو اعزاز قرار دیتے ہوئے یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے نامور ماہرین کی موجودگی کو سراہا۔وائس چانسلر نے وفد کو بتایا کہ گلگت-بلتستان میں اس وقت 98 موسمیاتی تبدیلی مختلف واقعات رونما ہوئے ہیں مزید واقعات رونما ہونے کے خدشات ہیں جن پرمشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔وائس چانسلر نے کے آئی یو کے دیگر شعبوں اور اداروں بشمول انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ (ICIMOD)،گلاف ٹو پراجیکٹ کے ساتھ جاری تعاون کے حوالے سے وفد کو بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے وفد کو بتایاکہ فوری طور پر جو اقدامات اٹھانے ہیں ان میں آفات سے محفوظ رہائش گاہوں کو فروغ دینا، موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور سیلاب سے متاثرہ طلبہ کے لیے اسکالرشپس کے مواقع فراہم کرنا شامل ہیں۔وائس چانسلر نے مزید بتایاکہ یونیورسٹی نے اپنے نصاب میں موسمیاتی تبدیلی کو ایک علیحدہ کورس کے طور پر بھی شامل کیا ہے تاکہ زیادہ سمجھ اور جدت کو فروغ دیا جا سکے۔ملاقات میں زمہ داران کے درمیان گفتگو کا اہم محور روایتی علم کو جدید انجینئرنگ کے طریقوں کے ساتھ ملانا تھا تاکہ پائیدار حل تیار کیے جا سکیں۔ کے آئی یو اور سی ڈبلیو ایس نے موسمیاتی تبدیلی کے مطابق ڈھالنے کے لیے ایک خصوصی کورس اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے لیے نفسیاتی سیشنز رکھنے پربھی اتفاق کیا تاکہ ذہنی صحت کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے شجر کاری اور علم کی منتقلی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔

Related Articles

Back to top button