کشمیری نژاد میئر ہائی و کیمب ماجد حسین کا سنٹرل پریس کلب کا دورہ

مظفرآباد (محاسب نیوز)برطانیہ کے معروف کشمیری نژ اد میئر ہائی ویکمب ماجد حسین کامرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کا دورہ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ راجہ واصف سمیت مختلف شخصیات بھی موجود تھے۔مرکزی ایوان صحافت میں "میٹ دی پریس "سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر سے ہمارا رشتہ محض جذباتی نہیں بلکہ نسلی، فکری اور خاندانی وابستگیوں میں پیوست ہے۔ میں فخر سے کہتا ہوں کہ میرے تینوں بیٹے بھی اسی محبت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ جب بھی پاکستان جانے کا موقع آتا ہے تو مجھ سے پہلے وہ تیار ہو جاتے ہیں، کیونکہ ان کے دلوں میں اپنے آبا و اجداد کی سرزمین سے جڑنے کی خواہش موجود ہے، اور اس کا کریڈٹ میں اپنے والدین کو دیتا ہوں جنہوں نے ہمیں پاکستان سے روحانی تعلق کی اہمیت سکھائی۔انہوں نے کہا کہ والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی آنے والی نسلوں کو یہ احساس دلائیں کہ چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں رہتے ہوں، پاکستان اور کشمیر ان کی شناخت کا حصہ ہیں۔“ہم جہاں بھی رہیں، اپنے وطن کے لیے اتنا ہی پیار رکھتے ہیں جتنا آپ سب یہاں رکھتے ہیں۔ کسی بھی پلیٹ فارم پر جب کشمیر یا پاکستان کی بات آتی ہے، تو ہم فخر سے سب سے آگے ہوتے ہیں۔میئر ماجد حسین نے مزید کہا کہ برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی نہ صرف تعلیمی و سماجی میدانوں میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان اور کشمیر کے سیاسی و انسانی حقوق کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔انہوں نے حالیہ انٹرنیٹ پابندیوں کے حوالے سے بتایا کہ“جب کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بند کی گئیں تو میں نے اپنی حیثیت میں متعلقہ حکام کو خط لکھ کر اس اقدام کی مذمت کی، کیونکہ اظہارِ رائے کی آزادی بنیادی انسانی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ”ہماری کوشش ہے کہ بین الاقوامی سطح پر کشمیر کا مقدمہ مؤثر انداز میں پیش کیا جائے۔ جو بھی نمائندہ منتخب ہو، خواہ وہ کشمیر کا ہو یا برطانیہ کا، اسے ایمانداری اور دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں۔آخر میں میئر ماجد حسین نے کہا کہ برطانیہ میں ہم نے یہ سیکھا ہے کہ قومیت یا مذہب سے زیادہ اہم انسان کی اہلیت اور کردار ہے۔ ہمیں بھی یہی روش اپنانی چاہیے کہ ہم دوسروں کے لیے سہولت، تعاون اور اخلاق کی مثال بنیں۔ یہی ایک مضبوط اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ مرکزی ایوانِ صحافت کے صدر سجاد قیوم میر TVJ کے صدر آصف رضا میر اور اراکین مرکزی ایوان صحافت نے میئر ہائی ویکمب ماجد حسین کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔