ابیٹ آبادتازہ ترین

اوگی پولیس اہلکار یاسر تنولی قتل کیس کا راضی نامہ طے پا گیا

اوگی (نامہ نگار) پولیس جوان یاسر تنولی قتل کیس کا لویہ جرگہ کے ذریعے راضی نامہ ہوگیا ،نڑیالہ میں ہونے والے جرگہ میں فریقین کے درمیان غیر مشروط راضی نامہ طے پایا، دونوں خاندان ایک دوسرے سے بغلگیر ہوگئے اور آئندہ بھائیوں کی طرح پرامن رہنے کا عہد کیا۔ راضی نامہ میں ہر دلعزیز شخصیت عمر خطاب عرف ٹیڈی ماما، طارق خان کوچھتی، سید مالک شاہ، محمد معروف اور اقبال نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل اوگی بازار میں مانسہرہ پولیس کے جوان یاسر تنولی ساکن نڑیالہ کو سابقہ عداوت کی بنا پر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جس کی ایف آئی آر سابق تحصیل نائب ناظم کنڈر مقتول سید محمد خان کے بیٹوں نثار اور عامر کے خلاف درج ہوئی، بعد ازاں ملزمان قانون کی گرفت میں آئے تاہم اس دوران فریقین کے درمیان صلح کے لیے جرگوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ سابق کونسلر حاجی عمر خطاب عرف ٹیڈی ماما، طارق خان کوچھتی اور سید مالک شاہ کی مسلسل کاوشوں اور ثالثی کے نتیجے میں دونوں جانب سے راضی نامے پر اتفاق رائے پیدا ہوا جبکہ محمد معروف اور اقبال نے بھی انتہائی مخلصانہ کردار ادا کیا۔ راضی نامے کے سلسلے میں نڑیالہ میں ایک لویہ جرگہ منعقد ہوا جس میں سابق ایم پی اے نوابزادہ فرید صلاح الدین سعید، سابق تحصیل ناظم کنڈر تورغر سید شہزاد شاہ، مولانا مطیع اللہ، معروف تنولی، چیئرمین نیبرہڈ کونسل دربند حبیب سخی، ماسٹر لیاقت اور اگرورتناول تورغرکے دیگر عمائدین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جرگہ میں مقتول کے ورثائ نے ملزمان کو فی سبیل اللہ معاف کردیا جس کےبعد وہ ایک دوسرے سے بغلگیر ہوئے اور آئندہ بھائیوں کی طرح امن و محبت کے ساتھ رہنے کا عہد کیا۔ اس موقع پر نوابزادہ فرید صلاح الدین سعید، سید شہزاد شاہ اور علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ جن لوگوں نے اس صلح کے لیے مخلصانہ کردار ادا کیا وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، دو خاندانوں کو جوڑنے والے دراصل معاشرے کے حقیقی خیرخواہ ہیں اور ایسے افراد کو اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں بہترین اجر عطا فرمائے گا۔

Related Articles

Back to top button