فلسطینی عوام کو آزاد فلسطین میں رہنے کا پورا حق حاصل ہے، شہباز شریف

شرم الشیخ(صباح نیوز)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر شرم الشیخ پہنچ گئے شرم الشیخ ائیر پورٹ پہنچنے پر مصری یوتھ و اسپورٹس کے وزیر ڈاکٹر اشرف صبحیی، پاکستان کے مصر میں سفیر عامر شوکت اور پاکستان و مصری اعلی سفارتی عملے نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا. وزیرِ اعظم شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے. نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک ہیں. وزیرِ اعظم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے مابین غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں خصوصی شرکت کریں گے.وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ، آج صبح شرم الشیخ میں تاریخی غزہ امن منصوبے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچا ہوں، جو کہ مشرق وسطی میں دیرپا امن کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مصری صدر السیسی اور امریکی صدر ٹرمپ جو اس امن سربراہی اجلاس کے شریک میزبان ہیں، کا مشکور ہوں۔ صدر ٹرمپ کی شاندار قیادت اور غیر متزلزل عزم کے بغیر ہم یہ تاریخی لمحہ نہ دیکھ پاتے۔صدر ٹرمپ کی خصوصی توجہ اور جستجو کی بدولت ہی (غزہ میں جاری) قتل و غارت کو روکنا ممکن ہوا۔ آج کی تقریب نسل کشی کے ایک باب کے اختتام کی نشان دہی کرتی ہے، عالمی برادری کو یقینی بنانا چاہیے کہ کہیں بھی ایسا دوبارہ نہ ہو۔ بہادر فلسطینی عوام 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطین جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو، میں رہنے کا پورا حق رکھتے ہیں