وفاق سے فنڈز ملتے ہی تعلیمی اداروں کی تعمیر کا کام شروع ہوگا، سیکرٹری سیراء

مظفرآباد(محاسب نیوز)سیکرٹری سیرا خالد محمود مرزا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ری کنسٹرکشن یونٹس مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ کے افسران کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، سیکرٹری سیرا خالد محمود مرزا نے سیرا سمیت تینوں ڈی آر یوز کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں زلزلہ متاثرہ تعلیمی اداروں کی تعمیر کی تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی کے فیصلہ کے تحت پہلے مرحلے میں ایک ارب روپے سے ان منصوبوں کی تکمیل کی جائے جن پر 80 فیصد تعمیراتی کام ہوچکا ہو، اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سیرا عابد غنی میر، پروگرام منیجر ڈی آر یو باغ عالمگیر خان، پروگرام منیجر ڈی آر یو راولاکوٹ امجد صدیقی، ڈائریکٹر فنانس مختار قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر کامران وانی،ڈویژنل اکاونٹس آفیسر عبد الرشید کیانی، انچارج پروگرام منیجر ممتاز قریشی، ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر راجہ طارق عزیز بھی موجود تھے۔سیکرٹری سیرا خالد محمود مرزا نے تینوں پروگرام منیجرز کو ہدایات دیں کہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جیسے ہی فنڈز منتقل کئے جائیں تو فوری طور پر تعلیمی اداروں کا تعمیراتی کام مکمل کیا جائے، سردیوں کے موسم میں پہاڑی و بالائی علاقوں طلبہ و طالبات گزشتہ سالہاسال سے شدید موسمی حالات میں تعلیمی اداروں کی چھتوں کے بغیر تعلیمی سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔سیکرٹری سیرا خالد محمود مرزا نے کہا کہ زلزلہ 2005ء کی قدرتی آفت سے آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا تھا ہماری کوشش ہے کہ ہم وسائل کے ساتھ ساتھ عوام کو سہولیات مہیا کرنے کے بہتر اقدامات کرکے عوامی خدمات کا سفر جاری رکھ سکیں۔