مظفرآباد

چیزوں کو رولز آف بزنس کے تحت چلائینگے، چوہدری انوارالحق

مظفر آباد (محاسب نیوز‘پی آئی ڈی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان سمیت سیکرٹری صاحبانِ حکومت نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے سمیت مجموعی انتظام و انصرام کا جائزہ لیتے ہوئے گورننس سٹرکچر کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہدایت کی کہ جملہ محکمہ جات عوام سے منسلک مسائل کا فوری ازالہ کرتے ہوئے عوام کو سوشل میڈیا کے ذریعے حکومتی اقدامات سے آگاہ رکھیں، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی حجم میں اصلاحات لانے کے لیے کام جاری ہے۔ جہاں فوری اقدامات کی ضرورت ہے وہاں فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جس کام کی ”کمٹمنٹ” کی ہے وہ کام ہر دو صورت کرنا ہے۔ رولز آف بزنس کے تحت چیزوں کو چلائیں گے۔ ہم سب نے ذمہ داری لے کر اپنے حصے کا دیا جلانا ہے۔ جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے انتظامی بہتری اور کاروبارِ حکومت کی اصلاح کے ساتھ چلنا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اچھا نظام وقت کے ساتھ ضرورت کے مطابق اپنے ڈھانچے میں اصلاحات لاتا ہے۔ ریشنلائزیشن ہماری بھی ذمہ داری ہے،جو کرنا ہے وہ کرنا ہے۔ کابینہ مکمل طور پر گورننس کے امور کی ضامن ہے۔ سسٹم کو چلانے کے لیے سیاسی و انتظامی بہتری کے لیے اصلاحات لائی جاتی ہیں۔ ہمیشہ آئین کی رو سے انتظام و انصرام چلتا ہے۔ آئین و قانون کی حقیقی روح کو بحال رکھتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح بنانا ہے۔ ہم سب نظام کے بینیفشریز ہیں، آئین کے تابع رہ کر کام کرنا ہے، کوتاہی برداشت نہیں، بدلتے وقت کے ساتھ درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو کر عوام کو ریلیف مہیا کرنا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انتظامی ڈسپلن کو بہتر بنانا ہے۔ شعوری طور پر کنفرنٹیشن کی پالیسی باعثِ ہلاکت ہوتی ہے۔ انتظامی آفیسران باوقار انداز اور مثالی جذبے کے ساتھ کام کریں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر کابینہ آپ کی پشت پر موجود ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اس نظام کو خالص طور پر تحریکِ آزادی کشمیر سے جوڑا ہے۔ بیوروکریسی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، آپ نے ہی اس نظام کو فعال بنانا ہے۔ نظام کی بہتری کے لیے موجودہ اتحادی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔

Related Articles

Back to top button