
پشاور: نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جہاں سہیل آفریدی نے بطور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے حلف لیا۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی ، ڈپٹی اسپیکر ،سابق گورنر شاہ فرمان، اراکین سینیٹ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر، مرکزی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید اور کمشنرپشاور سمیت صوبائی محکموں کے انتظامی سربراہان ، سیاسی و سماجی شخصیات نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔
تقریب کے لیے آتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی سیڑھیوں سے گرتے گرتے بچے ، وہ کارکنوں کی دھکم پیل سےتوازن برقرار نہ رکھ سکے جبکہ تقریب میں سہیل آفریدی کو بھی دھکے لگے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی عمران خان نے کابینہ منتخب کرنے کا مکمل اختیار سہیل آفریدی کو دے دیا ہے ، سہیل آفریدی منتخب نمائندوں یا ٹکٹ ہولڈرز میں سے کابینہ تشکیل دیں گے۔
وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے وہ 2024 کے عام انتخابات میں پی کے 70 ضلع خیبر سے رکن اسمبلی خِیبر پختون خوا منتخب ہوئے تھے ۔
سہیل آفریدی کافی عرصے تک انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدربھی رہے۔ بعد میں وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بنے۔
موجودہ حکومت میں سہیل آفریدی کو پہلے وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) تعینات کیا گیا۔
بعدازاں کابینہ میں رد و بدل کے دوران انہیں وزیر برائے ہائر ایجوکیشن بنایا گیا۔