وفاقی ادارہ CDWPسے توانائی کے متعدد اہم منصوبے منظور، لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی‘چوہدری محمدرشید

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر)وزیر برائے پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رشید کی خصوصی دلچسپی، مسلسل کوششوں اور موثر رہنمائی کے نتیجے میں حلقہ انتخاب میں توانائی کے متعدد اہم منصوبے وفاقی ادارہ CDWP سے باقاعدہ طور پر منظور ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیرِ انتظام 1.95 میگاواٹ نوشہرہ ہائیڈل پراجیکٹ، جس کی لاگت 1058.880 ملین روپے ہے، CDWP سے منظوری حاصل کر چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 2.71 میگاواٹ خورشید آباد ہائیڈل پراجیکٹ اور 3.0 میگاواٹ پھلاوئی ہائیڈل پراجیکٹ بھی وزیر حکومت کی خصوصی کاوشوں کے باعث منظور کیے گئے ہیں۔ان ہائیڈل پراجیکٹس کی تعمیر سے حلقہ انتخاب میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جانے کے علاوہ آزاد کشمیر کی توانائی کے مجموعی نظام میں استحکام پیدا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔علاوہ ازیں، ان منصوبوں سے مقامی آبادی کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے، جس سے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا اور علاقے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔وزیر حکومت چوہدری محمد رشید نے محاسب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت نے پاور پر خصوصی توجہ دی ہے یہی وجہ ہے کہ سٹیٹ کے اندر کئی پاور پراجیکٹ شروع کیئے گئیے ہیں انہوں نے کہا کہ ان پاور پراجیکٹس تکمیل سے نہ صرف مقامی طور پر لوگوں کو روزگار ملے گا بہتر بجلی ملے گی اور ساتھ ہی حکومت کو بھی معقول ریو نیو ملے گا ان پراجیکٹس کی تکمیل سے ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی اور ساتھ ہی وولٹیج کی کمی بھی دور ہو جائے گی۔ چوہدری رشید نے کہا کہ ہائیڈرل پر فوکس کر دیا گیا ہے آنے والے وقت میں بھی کئی اور ہائیڈرل پراجیکٹ پائپ لائن میں ہیں جن کو رواں کرنے کیلئے کم عرصہ درکار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ“عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومتِ آزاد کشمیر کی اولین ترجیح ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہو گی”۔