حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ، اپوزیشن کی حیثیت سے جمہوری کردار ادا کرینگے,شاہ غلام قادر

اسلام آباد (بیورورپورٹ)صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اپنے بنیادی نصب العین کے مطابق تحریکِ آزادی، جموں و کشمیر، آزاد خطے کے عوام، مہاجرینِ مقیم پاکستان اور بیرونِ ملک بسنے والے کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے عبوری آئین ایکٹ 1974ء کے تحت اپنا جمہوری اور سیاسی کردار پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اور مہاجرینِ مقیم پاکستان میں اپنے نظریات، سیاسی کردار اور عوامی خدمت کی بدولت ایک مقبول اور منظم جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔ پارٹی قیادت آزاد جموں و کشمیر میں جاری آئینی و سیاسی بحران پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ اگرچہ اس بحران کی براہِ راست ذمہ دار مسلم لیگ (ن) نہیں، تاہم ہم نے ہمیشہ عوامی فلاح، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اس کے حل کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔صدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ پارٹی کے تمام فورمز پر متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اب انوارالحق حکومت کا حصہ نہیں رہے گی اور آئندہ اپوزیشن کی حیثیت سے اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کسی بھی غیر فطری حکومت سازی کی کوشش کا حصہ نہیں بنے گی، اور اگر کوئی شخص یا گروہ ایسی سوچ رکھتا ہے تو وہ جماعتی پالیسی سے انحراف کا مرتکب تصور ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان پیپلز پارٹی کوئی تحریک عدم اعتماد لاتی ہے تو یہ اُن کا جمہوری و آئینی حق ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کسی نئی حکومت کے قیام میں شریک نہیں ہوگی۔ ھماری پارٹی اس امر پر یقین رکھتی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں ایک مضبوط، مستحکم اور عوامی اعتماد پر مبنی حکومت صرف نئے عام انتخابات کے ذریعے ہی قائم ہو سکتی ہے۔ ایسی حکومت ہی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے، ترقی و تعمیر کے سفر کو ازسرِنو شروع کر سکتی ہے، گورننس کے نظام کو بہتر بنا سکتی ہے، پاکستان کے ساتھ نظریاتی و فکری رشتوں کو مزید مضبوط کر سکتی ہے، اور میرٹ پر مبنی فیصلوں کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کر سکتی ہے۔شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے گی۔ میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام، مہاجرینِ مقیم پاکستان اور پارٹی کے تمام کارکنان کو یقین دلاتا ہوں کہ قائد محترم میاں محمد نواز شریف کی قیادت اور میاں محمد شہباز شریف کی رہنمائی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں انشااللہ بھرپور کامیابی حاصل کر کے عوام کی امنگوں کے مطابق ایک مستحکم اور مضبوط حکومت تشکیل دے گی۔




