مظفرآباد

کوٹلی‘بٹ اور ملک برادری کے مابین تصادم پر عدالت کا بڑا فیصلہ

کوٹلی(بیورورپورٹ) بٹ برادری اور ملک برادری کے مابین تصادم پر عدالت کا بڑا فیصلہ۔معزز عدالت تحصیل فوجداری کوٹلی نے شہر کے مشہور گینگ وار گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان حمزہ بٹ ولد مختار بٹ، سلیمان بٹ ولد عمر بٹ، کامل شاہ ولد اسرار شاہ، فیضان چوہدری کی درخواستیں ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کر دیں۔ استغاثہ کی جانب سے راجہ جنید ظفر ایڈوکیٹ جبکہ ملزمان کی جانب سے شیخ نعمان اختر ایڈووکیٹ، محمد علی راٹھور ایڈووکیٹ، ولید ظفر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمہ سنگین نوعیت کا ہے اور ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں جبکہ مقدمہ میں دیگر 7 کس ملزمان عمر بٹ وغیرہ نے مجاز عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت کا استفادہ حاصل کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ مذکورہ گینگ وار گروپ پر مشتمل بٹ برادری کے لڑکے کوٹلی شہر میں اسلحہ سے لیس ہو کر ملک برادری کے لڑکوں پر حملہ آور ہو گئے تھے اور ان کو فائرنگ کر کے گولیوں سے چھلنی کر دیا تھا جس کی وجہ سے چار نوجوان شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ملزمان کے خلاف سٹی تھانہ پولیس کوٹلی میں مقدمہ علت نمبر 378/25 بجرائم 324، 452 337/AF149,148,147, 109 سٹی تھانہ پولیس کوٹلی میں درج رجسٹر ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ عدالت کے اس فیصلے کو امن و امان کے قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی عدالت کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فیصلے قانون کی بالادستی اور مجرموں کے خلاف مضبوط پیغام ہیں۔

Related Articles

Back to top button