شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا،مزار پر گارڈز، کی تبدیلی

لاہور(صباح نیوز)شاعر مشرق،حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 148 واں یومِ پیدائش پرمزاراقبال پرپروقار تقریب منعقدہوئی، پاک بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ اتوار کو لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقدہوئی، اس موقع پر پاک بحریہ کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی، پاکستان نیوی کے کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے مزار اقبال پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔ مزار پر امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور نیوی سویلینزکی جانب سے بھی پھول رکھے گئے، تقریب میں ملکی سلامتی، بقا اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے گارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔




