نوجوانوں کو ملازم نہیں ہنر مند بنا ئیں گے‘فیصل ممتاز راٹھور

مظفرآباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس جمعہ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مظفرآباد کے دورے کا خیر مقدم کرتا ہے۔چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی حکومت بننے پر نومنتخب وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرتے ہوے پروقار تقریب سے خطاب میں جس طرح بھارت کو للکارا اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا اس سے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی یاد تازہ ہو گئی۔ اجلاس آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ خوارج کے خلاف جس دلیری سے آپریشن کئے ہیں اس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ ہندوستان 10مئی کو شکست فاش کے بعد اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور پس پردہ پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے مگر قوم کی مدد سے پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع باغ کے علاقہ ہاڑی گہل میں دانش سکول کے سنگ بنیاد اور نیلم اور بھمبر میں بھی دانش سکول کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے اور وزیراعظم آزادکشمیر کی تحریک پر حویلی اور لیپہ جیسے پسماندہ علاقوں میں وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دانش سکولوں کے اعلان پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کارروائیوں کی شدید مذ مت کرتا ہے۔ اجلاس بہادر کشمیریوں کی ہندوستان کی جارح فوج کے خلاف سینہ سپر ہو کر جدوجہد آذادی جاری رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔


