کھوئی رٹہ، ٹریفک پولیس کارروائی، ٹرانسپورٹرز کو جرمانے، گاڑیاں ضبط

کھوئی رٹہ (ملک محمد حنیف اعوان سے) تحصیل کھوئی رٹہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور شہریوں کی شکایات کے پیش نظر انتظامیہ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ قبل ازین عوامی اگاہی مہم انتظامیہ نے چلائی تھی اس سلسلے میں لفٹر سروس کو باضابطہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جو بازاروں اور مصروف شاہراہوں میں کھڑی غلط یا ڈبل پارکنگ والی گاڑیوں کو موقع پر ہی اٹھا لے گی۔انتظامیہ کے مطابق غلط پارکنگ نہ صرف ٹریفک جام کا سبب بنتی ہے بلکہ ہسپتال، سکول اور بازار کے اطراف روزمرہ کے کاموں میں مصروف شہریوں کے لیے شدید رکاوٹ بھی بنتی ہے۔ ایسے عناصر جو قانون کو مذاق سمجھ کر اپنی گاڑی کہیں بھی کھڑی کر دیتے ہیں، ان کے اس رویے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے جو کہ ان کی عقل و شعور پر سوالیہ نشان ہے۔تحصیل انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔غلط پارکنگ کرنے والوں کی گاڑیاں اٹھا کر تحصیل آفس منتقل کی جائیں گی جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔شہریوں اور تاجر برداری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، بازاروں میں بدانتظامی کا خاتمہ ہو گا اور عوام کو درپیش مشکلات کم ہوں گی۔انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں اور کاروباری مراکز میں اپنی گاڑیاں صرف مقررہ مقامات پر پارک کریں، ورنہ سخت کارروائی سے کوئی بچ نہیں سکے گا۔



