وادی نیلم کو ترقی اور خوشحالی کی مثال بنادیں گے، میاں وحید

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) حکومت آزاد جموں و کشمیر کے موسٹ سنیئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وادی نیلم کو ترقی و خوشحالی کی مثال بنا دیا جائے گا۔ سیاحت کو فروغ، تعلیم کا معیار بہتر بنانے، دور افتادہ علاقوں میں سڑکوں، اسپتالوں اور اسکولوں کی تعمیر سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر جامع حکمت عملی کے تحت کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیلم کی پسماندگی دور کرنا میرا مشن ہے۔ ہم وادی نیلم کو ماڈل ضلع بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ سیاحوں کے لیے سہولیات میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی بہتری، مقامی روزگار کے مواقع، اور امن و سکون کا ماحول ترجیحات میں شامل ہے۔میاں عبدالوحید نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت صرف دعوؤں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ نیلم کے ہر وارڈ، ہر یونین کونسل، اور ہر گاؤں میں ترقی کے ثمرات پہنچائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں سڑکیں، بجلی، اورصاف پانی کی اسکیمیں شروع کی جا رہی ہیں تعلیم کے فروغ کے لیے جدید اسکولز، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے، اور بچوں کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سیاحت کے لیے نیلم میں نئے پوائنٹس کو ڈیولپ کیا جائے گا، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔ عوامی مسائل کو مقامی سطح پر حل کرنے کے لیے مشاورتی کونسلوں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور نیلم کے نوجوان، بزرگ، خواتین اور طلبہ سب کو ترقی کا حصہ بنائیں گے۔ یہ وادی امن، ترقی، تعلیم اور خوشحالی کی علامت بنے گی۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ عوام ترقیاتی منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دیں اور باہمی اتحاد و اعتماد کے ساتھ ایک بہتر نیلم کی بنیاد رکھیں۔




