انسانی حقوق کا عالمی دن،مظفرآباد میں بھارتی مظالم کیخلاف ننگے پاؤں احتجاجی مارچ

مظفرآباد (محاسب نیوز) انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم اور جنگی جرائم کے خلاف ننگے پاؤں احتجاجی مارچ۔اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے کشمیری قیدیوں کی رہائی، انسانی حقوق کی بحالی اور حق خودارادیت کا مطالبہ۔ مظفرآباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاسبانِ حریت کے زیرِ اہتمام مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف ایک بڑے اور پُرامن احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں، سیاسی رہنماؤں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے ”ننگے پاؤں ” مرکزی شاہراہ پر مارچ کرتے ہوئے دنیا کی توجہ بھارتی فوجی مظالم کی طرف مبذول کروائی، جبکہ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے لہراتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم، تاجر راہنما عبدالرزاق خان، علی رضا ایڈووکیٹ، مہاجرین راہنماؤں اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوامِ متحدہ سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینے کے مطالبات درج تھے۔ایک ہی آواز میں فضاء ان نعروں سے گونجتی رہی: ”بند کرو بند کرو کشمیر میں مظالم بند کرو”، ”رہا کرو رہا کرو کشمیری قیدیوں کو رہا کرو”، ”خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا”، ”بھارتیو قابضو کشمیر ہمارا چھوڑ دو”۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عزیر احمد غزالی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانیت کے خلاف بدترین جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ ہزاروں کشمیری بھارتی جیلوں میں قید ہیں جبکہ کالے قوانین کے ذریعے شہری آزادیوں کو بری طرح کچلا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھارت کو جنگی جرائم سے روکے۔ شوکت جاوید میر نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں اقوامِ متحدہ کے کردار پر سوالیہ نشان ہیں۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بحالی کیلئے مؤثر کردار ادا کرے۔ دنیا کو بھارت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی، جبکہ محمد یونس میر نے واضح کیا کہ کشمیر کی آزادی ہی خطے میں حقیقی انسانی حقوق کی بحالی کی ضمانت ہے۔مظاہرین نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور دنیا کی بڑی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جنگی جرائم پر آواز بلند کریں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ انصاف کا ساتھ دیں۔




