ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان کی سربراہی میں اہم اجلاس

میرپور (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان کی سربراہی میں پولیس اور مجسٹریٹ صاحبان کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس ایس پی خرم اقبال،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری نعیم اختر،اسسٹنٹ کمشنرمیرپورزاہدحسین،اسسٹنٹ کمشنرڈڈیال آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنراسلام گڑھ تنویرالسلام، تحصیلدار عمران یوسف،تحصیلداراسلام گڑھ آصف منیر،تحصیلدارڈڈیال خالد کبیر،ڈی ایس پی سکندراعظم کے علاوہ دیگرنے شرکت کی۔اجلاس میں مجموعی طور پر ضلع میرپور میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور قانون و آئین کی مؤثر عملداری، ضلع بھر میں سیکورٹی سسٹم کو فعال بنانے،انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام، پرائس کنٹرول پر عملدرآمد کرنے، منشیات کے خاتمے،معاشرتی برائیوں کی روک تھام، تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کی صفائی و ستھرائی سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اجلاس میں پولیس گشت، ٹریفک کے نظم و نسق، ہیلمٹ کی پابندی،ٹریفک پارکنگ کے حوالے سے ہدایات دی گئیں،اس موقع پر پولیس اور مجسٹریسی نظام کے درمیان بہتر رابطہ کاری پر زور دیا گیا تاکہ فوری انصاف اور مؤثر قانون نافذ کیا جا سکے۔شرکاء کو ہدایت کی گئی کہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیس اور مجسٹریٹ صاحبان باہمی تعاون سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنائیں گے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔




