
آزاد کشمیر میں زراعت و لائیوسٹاک کے نئے ترقیاتی منصوبے مرتب، کسانوں کی آمدن اور روزگار میں اضافے کی توقع.لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی جدید دور کی اہم ضرورت ہے۔جس سے انکار کسی بھی صورت ممکن نہیں۔آذاد کشمیر کی 90 فیصد دہی آبادی کا انحصار لائیو سٹاک پر ہے۔یہ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے دودھ گوشت اور انڈوں کی پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کے ویژن کے مطابق، وزیر زراعت و لائیوسٹاک چوہدری علی شان سونی اور سیکرٹری زراعت و لائیوسٹاک اسماء و آبپاشی وجاہت رشید بیگ کی ہدایات کی روشنی میں، ناظمِ اعلیٰ محکمہ زراعت لائیوسٹاک ڈاکٹر محمد اعجاز خان کی جانب سے رواں مالی سال 2025-26 کے ترقیاتی پروگرام میں شمولیت کے لیے متعدد نئے منصوبہ جات مرتب کر لیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد آزاد کشمیر میں زرعی و لائیوسٹاک شعبہ کی پائیدار ترقی، کسانوں کی معاشی حالت میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔محکمہ زراعت کے تحت زونل ہائی ویلیو آرچرڈ ڈویلپمنٹ پروگرام اور ہائی ویلیو فصلوں کی پیداوار کے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے جدید طرز پر باغات کے قیام اور قیمتی فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا۔ ان منصوبوں سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کو بہتر منافع بھی حاصل ہوگا۔اسی طرح محکمہ لائیوسٹاک کے تحت متعدی بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں توسیع اور فرسٹ ایڈ سینٹرز کو مضبوط بنانے، اعلیٰ نسل کے ڈیری مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے (کاسٹ شیئرنگ ماڈل) اور غربت میں کمی و غذائی معاونت کے لیے بیک یارڈ پولٹری فارمنگ کے منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت کسانوں کو اعلیٰ نسل کے ڈیری مویشیوں کی خریداری کے لیے ون ٹائم گرانٹ دی جائے گی جبکہ غریب اور مستحق افراد، خصوصاً بیوہ اور نادار خواتین کو معیاری مرغیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کے لیے باعزت روزگار اور آمدن کا ذریعہ پیدا ہو سکے۔ان تمام منصوبہ جات کے ڈرافٹ پی سی ون محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ مالیات کو ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ ابتدائی فورم سے کلیئرنس کے بعد انہیں آزاد کشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی میں منظوری کے لیے پیش کیا جا سکے۔ آئندہ متوقع اجلاس میں ان منصوبوں کی منظوری کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے عین مطابق ان منصوبہ جات پر عملدرآمد سے آزاد کشمیر بھر کے کسانوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی، کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوگا اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو مجموعی طور پر خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔قابل فخر بات یہ ہے کہ سیکرٹری زراعت لائیو سٹاک وجاہت رشید بیگ خود ایک لمبے عرصے سے فارمر ہیں۔یہی وجہ ہے کہ عوام کی اکثریت ان پر اعتماد کا اظہار کررہی ہے۔اور امید کی جارہی ہے کہ وہ وزیراعظم اور وزیر زراعت لائیو سٹاک کی قیادت میں ایک فارمر کا درد محسوس کرتے ہوئے اپنا قابل قدر کردار ادا کریں گے۔عوام نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے اس محکمے کو بہترین انداز میں مضبوط بنانے کے لئے وزیر زراعت لائیو سٹاک علی شان سونی اور سیکرٹری کے عہدے کے لئے وجاہت رشید بیگ جیسے شخص کا انتخاب کیا ہے۔جو عوام کی بہتری اور اصلاحات میں مثالی کردار ادا کریں گے۔علاوہ ازیں محکمہ زراعت لائیو سٹاک کے پلیٹ فارم سے کسان کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں فارمرز کے مسائل کو حقیقی معنوں میں ان کر مثبت حل نکالا جائے گا۔




