مظفرآباد

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بلدیہ میرپور میں مالی بے ضابطگیوں پر سوالات اُٹھادئے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان کی زیر صدارت اجلاس میں میونسپل کارپوریشن میرپور کے مالی و انتظامی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔اجلاس کے دوران قرطاس کار کے تحت مختلف امور کا جائزہ لیا گیااور متعلقہ حکام سے وضاحتیں طلب کی گئیں۔ کمیٹی نے شفافیت اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں، اخراجات،ٹینڈرز اور ادائیگیوں سے متعلق بالخصوص جائزہ لیا گیا۔کمیٹی اراکین نے بعض منصوبوں میں تاخیر، مالی بے ضابطگیوں اور قواعدو ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق سوالات اُٹھائے جبکہ متعلقہ آفیسران نے کمیٹی کو ریکارڈ اور وضاحتیں پیش کیں۔چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کے استعمال میں کسی قسم کی غفلت و بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمیٹی کی جانب سے ریکوری کے عمل میں تیزی کی ہدایت ہوئی۔اجلاس میں ممبران پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اظہر صادق،عاصم شریف بٹ،محترمہ تقدیس گیلانی سمیت سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ارشاد قریشی، میئر میونسپل کارپوریشن میرپور کے علاوہ محکمہ حسابات، لوکل فنڈآڈٹ، مالیات نمائندگان نے شرکت کی۔ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دیے۔

Related Articles

Back to top button