مظفرآباد

وادی لیپہ میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘ دیوان چغتائی

لیپہ ویلی، جہلم ویلی (پی آئی ڈی) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہا ہے کہ حکومت وادی لیپہ میں شدید برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے پوری طرح باخبر ہے اور عوام کو غذائی اجناس، صحت کی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور لیپہ ویلی کی مجموعی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ہٹیاں بالا سے لمنیاں تک سڑک ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بحال ہے، جبکہ لمنیاں سے لیپہ تک شدید برف باری کے باعث سڑک تمام اقسام کی گاڑیوں کے لیے عارضی طور پر بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی بحالی کے لیے ہیوی مشینری میڈوے اور داوکھن کے مقامات پر ہمہ وقت الرٹ حالت میں موجود ہے تاکہ موسم صاف ہوتے ہی برف ہٹانے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سردیوں کے سخت موسم میں وادی لیپہ کا دارالحکومت مظفرآباد کے ساتھ زمینی اور مواصلاتی رابطہ کسی بھی صورت منقطع نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو پیشگی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور صورتحال پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جا رہی ہے۔دیوان علی خان چغتائی نے کہا کہ جہاں سڑکیں جزوی طور پر کھلی ہیں وہاں ڈرائیور حضرات انتہائی احتیاط سے گاڑیاں چلائیں، جبکہ کم برف باری والے علاقوں میں فور بائی فور گاڑیوں کے ساتھ چین کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔وزیر تعلیم نے محکمہ برقیات کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ برف باری کے باعث جہلم ویلی،لیپہ ویلی کے جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، اسے فوری طور پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی، پانی، صحت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنے دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں اور طبی مراکز میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اس ضمن میں محکمہ صحت کو الرٹ رہنے اور ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آخر میں وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ لیپہ ویلی کے عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوامی مشکلات کے فوری ازالے کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں لیپہ ویلی کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button