راجہ رزاعت کا میرپور کے علاقائی مسائل کے حل میں تعاون کااعلان

میرپور (پی آئی ڈی/ محاسب نیوز)کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتازسے سابق مئیر آف سلاو راجہ محمد زراعت نے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر راجہ محمد خیرات خان، نائب صدرکشمیر پریس کلب میرپوررانا شبیرراجوروی بھی موجود تھے،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،خصوصی طور پر اوورسیز کشمیریوں سے متعلقہ معاملات، میرپور ڈویژن کی مجموعی ترقی، انتظامی اُمور اور عوامی فلاح و بہبود کے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر سابق مئیر آف سلاو راجہ محمد زراعت اور ان کے ہمراہ موجودشخصیات نے اوورسیز کی طرف سے کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارک باد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد زراعت ایک منجھے ہوئے، بااصول اور عوام دوست سیاسی و سماجی رہنما ہیں جنہوں نے سولہ برس تک بطور کونسلر عوامی خدمت کی ایک درخشاں مثال قائم کی۔ ان کا طویل عوامی سفر خلوص، دیانت داری اور خدمتِ خلق سے عبارت ہے، جسے علاقے کے عوام ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ راجہ محمد زراعت کی عوامی خدمت کی یہ روایت آج ان کے فرزندِ ارجمند کی صورت میں بھی جاری ہے، جو اس وقت بطور کونسلر عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ راجہ زراعت خاندان نے عوامی خدمت کو ایک ذمہ داری اور روایت کے طور پر اپنایا ہے۔ اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن نے راجہ محمد زراعت کی سماجی و سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ راجہ محمد زراعت جیسے تجربہ کار اور سنجیدہ رہنما کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ بھی اپنے تجربے، بصیرت اور رہنمائی سے میرپور ڈویژن کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملاقات کے دوران راجہ طاہر ممتاز کے میرپور میں بطور سابق ڈپٹی کمشنر دورِ خدمات کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ان کے دور میں میرپور میں نظم و نسق کی بہتری، عوامی مسائل کے بروقت حل اور ترقیاتی منصوبہ جات کے فروغ کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے گئے، جو آج بھی عوامی، سماجی اور صحافتی حلقوں میں سراہا جاتے ہیں۔ آخر میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اپنی نئی ذمہ داریوں کے تحت اوورسیز کشمیریوں سمیت میرپور کے عوام کے مسائل کے حل، علاقائی ترقی اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے اپنی خدمات اسی جذبے، خلوص اور دیانت داری کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ ملاقات باہمی تعاون کے فروغ اور مستقبل میں رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔




