مظفرآباد
دیگرریاستی اداروں کے مقابلے میں پولیس کا ادارہ نہایت اہم ہے‘انسپکٹر جنرل
میرپور(پی آئی ڈی) انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر محمد یاسین قریشی نے کہا ہے کہ ریاست میں دیگر اداروں کے مقابلے میں پولیس کا ادارہ نہایت ہی اہم ہے جس کی ذمہ داری آئین کی بالادستی اور قانون کے نفاذ پر عملدرآمد کروانا،شہریوں کے لئے امن و امان کا ماحول برقرار رکھنا، عوام کی جان ومال کی حفاظت کرنا اور معاشرتی جرائم کا سدباب کرنا ہے۔ موجودہ حالات و واقعات اور آبادی کے اضافے کے باعث پولیس کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے حکومت آزادکشمیر پولیس کے استعداد کار کو بڑھانے کے لیے بھرپور دلچسپی لے رہی ہے جس کے لیے پولیس کی نفری کو بھی دوگنا کیا جائے گا اور پولیس کو جدید آلات اور سہولیات مہیا کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا ئے جائیں گے۔پولیس کو بحرانوں سے نمٹنے کے لیے جدید خطوط پر ٹریننگ،ریفریشمنٹ کورسز اور کمیونیکیشن کے نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔پولیس لائن اور تھانوں کی نفری کو دوگنی کریں گے اور ان کی مکانیت کی ضروریات بھی پوری کریں گے۔پولیس ملازمین کی ترقیابیاں، تبادلے اور ان کے ذاتی و اجتماعی معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ پولیس میں جزاء و سزا کا عمل قانون کے مطابق ہونا چاہیے سزا برائے اصلاح ہونی چاہیے، پولیس کانسٹیبل سمیت سے اعلیٰ افسران تک بحیثیت انسان سب کی عزت نفس ایک جیسی ہے، پولیس کے پاس دیگر اداروں سے زیادہ اختیارات ہیں انہیں یہ اختیارات قانون و آئین کے تحت عوام الناس کے مسائل کے حل اور انصاف کی فراہمی کے لیے درست استعمال کرنے چاہیں پولیس کا خوش بخت ملازم جنتی اور بدبخت پولیس ملازم جہنمی ہے۔پولیس ملازمین کا عوام الناس اور شاکیان کے ساتھ رویہ مثالی ہونا چاہیے۔خواتین پولیس کے لیے ممکنہ حد تک آسانیاں پیدا کی جائیں۔ریٹائرمنٹ کے آخری ماہ پولیس ملازمین کو ان کے گھروں کے قریب ترین تعینات رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی پولیس آفس میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پولیس دربار میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان، ایس ایس پی خرم اقبال، ایس ایس پی اینٹی کرپشن مجتبیٰ راٹھور آغا سمیت پولیس افسران و کانسٹیبلزکی بڑی تعداد موجود تھی، قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس محمد یاسین قریشی جب ڈی آئی جی آفس پہنچے تو ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس رینج میرپور ڈاکٹر خالد محمود چوہان نے ان کا پر تپاک استقبال کیا گیا پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے سلامی پیش کی اور گارڈ آف آنر پیش کیا،انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر محمد یاسین قریشی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پولیس تھانوں اور پولیس چوکیوں کی نفری کو ڈبل کرنے کی ضرورت ہے، پولیس انفراسٹرکچر بہتر کررہے ہیں پولیس لائینز اور تھانوں کی عمارتوں میں پولیس کی رہائشی مکانیت کی سہولیات دیں گے پولیس ملازمین کے لئے وردی اور دیگر الاونسز سمیت جو بھی میرے بس میں ہوا پولیس کی بہتری کے لئے کرونگا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس نے ریاست کے امن و امان، سیکورٹی اور جرائم کے خاتمے کے لئے اپنے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ بیشمار قربانیاں دی ہیں، آزاد کشمیر پولیس ریاست کی فلاح و بہبود اور عدل و انصاف کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت،پولیس اور عوام کے باہمی اشتراک سے معاشرتی جرائم کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔




