مہاجرین میرے دل کے قریب رہتے ہیں، فلاح و بہبود یقینی بنائیں گے۔چوہدری انوارالحق

اسلام آباد (بیورورپورٹ‘پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے مہاجرین 1989 کی ورکنگ کمیٹی کے ارکان نے عزیر احمد غزالی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں راجہ عارف خان،گوہر احمد کشمیری،امتیاز احمد بٹ،چوہدری فیروز دین،محمد اقبال خان،چوہدری مشتاق،ارشاد احمد بٹ،خواجہ محمد اقبال،حامد جمیل کشمیری،ریاض اختر جرال،محمود اختر ایڈوکیٹ،محمد اقبال میر،محمد اقبال تاس،منہور اقبال بٹ اور فیاض خان شامل تھے۔وفد نے وزیراعظم کو مہاجرین 1989 کے مسائل سے آگاہ کیا اور قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین 1989 کیلیے نشست کا مطالبہ بھی کیا۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین مقبوضہ کشمیر میرے دل کے قریب رہتے ہیں،میری پوری کوشش ہے کہ جہاں تک وسائل اجازت دیں میں آپ کی خدمت کر سکوں کیونکہ آپ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنا گھر بار چھوڑا اور خود کو تحریک آزادی کیلیے وقف کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی اور آپ کے خاندانوں کی تحریک آزادی میں بڑی قربانیاں ہیں ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت مہاجرین 1989 کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے،آپ کی رہائش کی سہولتیں بہتر کی ہیں انشائاللہ انہیں مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ کا میرے پاس آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اللّٰہ پاک مجھے توفیق دے کہ میں آپ کے تمام مسائل حل کر سکوں،انشائاللہ حکومت آپ کی فلاح وبہبود کو یقینی بنائے گی جہاں تک قانون ساز اسمبلی میں آپ کی نشست کا معاملہ ہے تو اس پر غور کرینگے اور پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر فیصلہ کریں گے۔وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مہاجرین 1989 کیلیے ان کے فلاحی اقدامات کو سراہا۔