مظفرآباد
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس‘ ہائیر ایجوکیشن کے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال
مظفرآباد(سٹاف رپورٹر)بُدھ کے روز چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مالی اور انتظامی ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ اجلاس میں مختلف آڈٹ اعتراضات زیرغور آئے، خاص طور پر عدم ادخال خزانہ سرکار، واجب الادا رقوم کی عدم وصولی اور ریکارڈ کی بروقت جانچ نہ ہونے جیسے معاملات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔کمیٹی نے نشاندہی کی کہ بعض معاملات میں سرکاری واجبات بروقت خزانہ سرکار میں جمع نہیں کرائے گئے، جو مالی بے ضابطگی کے زمرے میں آتا ہے۔اجلاس میں ریکوری کے عمل میں سست روی پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ کمیٹی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ واجب الادا رقوم کی وصولی کے عمل میں تیزی لائی جائے۔پی اے سی نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو یہ بھی ہدایت کی کہ وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے تمام ریکارڈ کی بروقت اور مکمل جانچ پڑتال کروائی جائے تاکہ کمیٹی کے سامنے درست اور مصدقہ معلومات آئیں۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ نامکمل ریکارڈ کی وجہ سے اجلاسوں میں وقت ضائع ہونا ناقابل قبول ہے۔کمیٹی نے مختص فنڈز کے استعمال، بھرتیوں کے طریقہ ء کار اور دیگر مالی امور کا جائزہ لیا۔کمیٹی نے اجلاس کے دوران بعض امور میں قواعد و ضوابط کی عدم پاسداری اور ریکارڈ کی کمی جیسے نکات کی نشاندہی کی۔اجلاس میں عاصم شریف بٹ، محترمہ تقدیس گیلانی ممبران کمیٹی سمیت محترمہ تہذیب النساء سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن /پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر، سعید اللہ خان نیازی ڈی جی آڈٹ، طاہر اقبال مُغل (نمائندہ محکمہ حسابات) ماجد زمان ایڈیشنل سیکرٹری مالیات،راجہ عبدالقدوس ڈائریکٹر احتساب بیورو نے شرکت کی۔ چوہدری بشارت حسین سیکرٹری قانون ساز اسمبلی نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سرانجام دیے اور راجہ ضیاء الحق ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی و نثار اعوان ڈپٹی سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی 29و 30 جنوری کو محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن، وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرے گی۔





