مظفرآباد
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس‘ انلینڈ ریونیو کے ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال
مظفرآباد(سٹاف رپورٹر) چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالماجد خان کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ انلینڈ ریونیو کے اخراجات سے متعلق ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی۔ اجلاس میں سرکاری فنڈز کے استعمال، غیر ضروری اخراجات، اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کی گئی ادائیگیوں پر خاص توجہ دی گئی۔کمیٹی اراکین نے مختلف مدات میں کیے گئے اخراجات پر سوالات اٹھائے۔ محکمہ انلینڈ ریونیو حکام کی وضاحت کو کمیٹی نے غیر تسلی بخش قرار دیا۔ اجلاس میں حکومتی واجبات کے عدم/کم وضعگی ادخال خزانہ سرکارسے متعلق پیراجات کا جائزہ لیا گیا، جن میں جنرل سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس، ایجوکیشن سیس اور تجویدالقرآن ٹرسٹ فنڈ رقوم جمع نہ کرانے کے معاملات شامل تھے۔آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ محکمہ انلینڈ ریونیو کی جانب سے مختلف مدات میں وصول کی گئی رقوم بروقت قومی خزانے اور متعلقہ فنڈز میں جمع نہیں کرائی گئیں، جس سے مالی قواعد کی کھلی خلاف ورزی ہوئی۔ کمیٹی اراکین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واجبات کا بروقت ادخال نہ ہونا بدانتظامی اور غفلت کی نشاندہی کرتا ہے۔۔ کمیٹی نے محکمانہ موقف کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام واجبات جمع کرائے جائیں۔ اجلاس میں محکمہ انلینڈ ریونیو کے زائد استحقاقی ادائیگیوں سے متعلق پیراجات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، تنخواہوں، سواری الاؤنس اور کرایہ مکان کی مد میں قواعد سے ہٹ کر کی گئی ادائیگیوں پر سخت سوالات اٹھائے گئے۔کمیٹی اراکین نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ زائد استحقاقی ادائیگیوں سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا اور ذمہ داران کے خلاف بروقت کارروائی نہیں کی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بعض پیراجات کئی برسوں سے زیر التوا ء ہیں اور ان کی ریکوری کے لیے موثر اقدامات نہیں کیے گئے۔محکمہ انلینڈ ریونیو کے حکام کی وضاحت کو کمیٹی نے ناکافی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام زائد ادائیگیوں کی ریکوری یقینی بنائی جائے۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری ملازمین کو صرف وہی مراعات دی جائیں جو قواعد کے مطابق ہوں۔کمیٹی نے محکمہ انلینڈ کی جانب سے تیاری و کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں چوہدری قاسم مجید وزیر انلینڈ ریونیو ممبرکمیٹی بلحاظ عہدہ، ممبران کمیٹی عاصم شریف بٹ، محترمہ تقدیس گیلانی سمیت چوہدری عبدالرحمٰن سیکرٹری انلینڈ ریونیو،اشتیاق احمد کمشنر انلینڈ ریونیو،سید محسن علی گیلانی سپیشل سیکرٹری مالیات،محمد سعید اللہ خان نیازی ڈی جی آڈٹ نے شرکت کی۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی چوہدری بشارت حسین نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دیے۔راجہ ضیاء الحق ایڈیشنل سیکرٹری اسمبلی اور نثار اعوان ڈپٹی سیکرٹری نے بھی شرکت کی۔




