جماعت اہل سنت ربیع الاول کو ماہ تحفظ ناموس رسالت کے طور پر منائے گی،اسحاق نقوی

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ) امیر جماعت اہل سنت آزاد کشمیر علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے ماہِ ربیع الاول کو تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ اور عقیدہ تحفظ ختم نبوت کے طور پر منانے کے حوالہ سے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ درحقیقت اُمتِ مسلمہ کے لیے تجدیدِ عہد اور ایمان کی تازگی کا ذریعہ ہے۔ یہ وہ مہینہ ہے جس میں کائنات کو سب سے عظیم نعمت، حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی صورت میں عطا ہوئی۔ مسلمان جب تک اپنے دلوں کو عشقِ رسول ﷺ کی حرارت سے معمور اور اپنی زندگی کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطابق استوار نہیں کرتے، اس وقت تک حقیقی کامیابی اور سربلندی ان کے مقدر میں نہیں آ سکتی۔ عقیدہ تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ امتِ مسلمہ کے ایمان کا بنیادی ستون ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے دل سے عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو جدا نہیں کر سکتی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ناموسِ رسالت ﷺ پر حملہ کیا گیا، مسلمانانِ عالم نے اپنی جانیں قربان کیں لیکن عشقِ رسول ﷺ پر آنچ نہ آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ہم اپنے قول و فعل سے ناموسِ رسالت ﷺ کے محافظ اور عاشقِ صادق بنیں۔ان خیالات کا اظہار علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے مدرسہ سیدناابوتراب تعلیم القرآن گوجر بانڈی میں بارہ روزہ محفل میلاد النبی ﷺ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔علامہ سید محمد اسحاق نقوی نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت اسلام کی اساس ہے، جس پر کسی قسم کا شک و شبہ یا تردید ایمان کی جڑ کو کاٹنے کے مترادف ہے۔ حضور اکرم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں اور آپ ﷺ کے بعد کوئی نبی پیدا نہیں ہو سکتا۔ اس عقیدے پر امت کا اجماع ہے اور یہی ایمان کی تکمیل ہے۔ تاریخ کے ہر دور میں ختمِ نبوت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششیں کی گئیں مگر اُمت نے اپنے خون سے اس عقیدے کی حفاظت کی۔ آج کے دور میں بھی ہمیں پوری قوت کے ساتھ اس عقیدے کا دفاع کرنا ہے اور آنے والی نسلوں کو اس کے تحفظ کے لیے بیدار کرنا ہے۔ دشمن قوتیں اسلام کی اصل بنیادوں کو کمزور کرنے کے لیے نت نئے حربے استعمال کر رہی ہیں۔ عقیدہ ختمِ نبوت اور ناموسِ رسالت ﷺ پر حملے انہی سازشوں کا حصہ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان ربیع الاول کے پیغام کو حرزِ جاں بنائیں اور اپنے اتحاد و اتفاق کو مضبوط کریں۔ باہمی انتشار اور فرقہ واریت امت کو کمزور کرتی ہے، جبکہ ناموسِ رسالت ﷺ اور ختمِ نبوت کا تحفظ ہمیں ایک لڑی میں پروتا ہے۔امیر جماعت اہل سنت نے کہا کہ اس مبارک مہینے میں ہمیں اپنی مساجد، مدارس اور دینی اجتماعات کے ذریعے لوگوں میں عشقِ رسول ﷺ، سیرتِ نبوی ﷺ اور عقیدہ ختمِ نبوت کا شعور بیدار کرنا ہوگا۔ علما و مشائخ اور نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے تاکہ معاشرہ ایمان و عقیدے کی روشنی سے منور ہو سکے۔ ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ اور ختمِ نبوت کے دفاع کے بغیر نہ ہمارا ایمان مکمل ہو سکتا ہے اور نہ امت اپنی اصل عظمت حاصل کر سکتی ہے۔ ربیع الاول کا پیغام یہ ہے کہ ہم سب مل کر دین کی بنیادوں کو تھامیں، اپنی زندگیاں سیرتِ رسول ﷺ کے مطابق سنواریں، اور دشمن کی ہر سازش کو اتحاد و یکجہتی سے ناکام بنائیں۔ یہی عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا تقاضا ہے اور یہی عقیدہ ختمِ نبوت کا حقیقی شعور ہے۔