
اسلام آباد(محاسب نیوز)گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (DSP/BS-17) کے عہدے پر تقرری کے لیے نئے اور ترمیم شدہ قواعد کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری وزیر اعلٰی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کے بعد دی گئی ہے۔نئے قواعد کے تحت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے پر تقرری کا طریقہ کار طے کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پچاس فیصد تقرریاں پروموشن کے ذریعے، بتیس فیصد ابتدائی تقرری کے ذریعے اور اٹھارہ فیصد ٹرانسفر کے ذریعے کی جائیں گی۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ یہ اقدام محکمہ پولیس میں شفافیت، میرٹ اور بہتر پیشہ ورانہ کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس نئے نظام کے تحت پولیس فورس میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہوں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی مزید مؤثر ہوگی۔