مظفرآباد
عرب ممالک عالمی برادری کشمیریوں کو بھارتی فوج کے مظالم سے بچائیں‘جاوید ایوب
مظفرآباد(محاسب نیوز) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات، وزیرجنگلات وائلڈ لائف، فشریز و ترقیاتی ادارہ سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے عرب ممالک، مسلم امہ اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مداخلت کرکے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی ظلم و جبر، محاصرے اور نسل کشی سے بچائیں۔انھوں نے کہا کہ گذشتہ5 سال سے زائد عرصہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی اسی لاکھ آبادی نولاکھ بھارتی فوج کے ظالمانہ محاصرے میں ہے۔ کالے قوانین کے تحت بھارتی قابض فوج کو نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ہر قسم کا جبر و استبداد کرنے اور ان کے بنیادی انسانی حقوق پامال کرنے کا مکمل اختیار حاصل ہے اور بھارتی فوج ظلم و جبر کے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ ریاست کے عوام کو دہشت اور خوف میں مبتلا کر کے انہیں آزادی اور حق خود ارادیت کے مطالبہ سے دستبردار ہونے پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2019 کے بعد بھارتی قابض فوج نے عام شہریوں پر ظلم و جبر کرنے کے علاوہ تمام آزادی پسند رہنماؤں کے علاوہ ہزاروں نوجوانوں اور بچوں کو گرفتار کر کے جیلوں اور حراستی کیمپوں میں بند کر رکھا ہے جہاں ان پر بدترین غیر انسانی تشدد کیا جا رہا ہے۔ سردار جاوید ایوب نے کہا کہ بھارتی حکومت لاکھوں بھارتی شہریوں کو بھارت کے مختلف علاقوں سے لاکر مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہی ہے تاکہ مسلم اکثریت والی اس ریاست میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان کشمیریوں کی زمین پر زبردستی قبضہ کر کے انہیں اپنی ہی سر زمین پر بے زمین کیا جا رہا ہے جبکہ بھارتی قابض فوج فوجی آپریشن کے دوران جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کو چن چن کر قتل کر رہی ہے




