مظفرآباد

نڑدھجیاں،چھم میں جنگل کو نقصان پہنچانے والے بیسیوں افراد کیخلاف مقدمہ درج

ہٹیاں بالا (بیورورپورٹ) جہلم ویلی کی یونین کونسل نڑدجیاں،چھم کے علاقے میں سرکاری جنگل کو نقصان پہنچانے اور سرکاری زمین پر تجاوزات کرنے والے دو درجن افرادکے خلاف محکمہ جنگلات نے تھانہ پولیس چناری میں مقدمہ درج کروا دیا،ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے۔محکمہ جنگلات رینج چناری کے ترجمان کے مطابق ایک مخصوص گروہ جنگلات کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہے جو پہلے درخت کاٹتا ہے، بعدازاں آگ لگا کر زمین کو چٹیل بناتا ہے اور پھر اس پر قبضہ جما لیتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ماضی میں جب بھی محکمہ نے ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی تو سیاسی اثر و رسوخ استعمال کر کے محکمہ پر دباؤ ڈالا گیا اور ملازمین پر الزامات لگا کر اصل قومی نقصان سے توجہ ہٹائی گئی، تاہم اب ایسی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی تاکہ جنگلات کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنایا جا سکے،انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے ساتھ تعاون کریں،دوسری جانب، علاقہ چھم چھتریاں کے عوام نے محکمہ جنگلات کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ محکمہ جنگلات کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، عوامی نمائندوں کے مطابق انہوں نے محکمہ جنگلات، ڈیمارکیشن اور حد بندی کمیشن کو باقاعدہ درخواست دے رکھی ہے کہ پورے علاقے کی پیمائش اور حد بندی کر کے جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے،عوامی موقف کے مطابق موجودہ ایف آئی آر میں بعض افراد نے ملی بھگت سے درست اندراج نہیں کروایا،ان کا کہنا ہے کہ اربوں روپے مالیت کے دیودار کے درخت ذاتی ملکیت ظاہر کر کے فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، ہماری درخواست پر منصفانہ تحقیقات اور حد بندی کے بعد ہی اصل ذمہ داران کو بے نقاب کیا جا سکتا ہے، لیکن موجودہ کارروائی ہماری درخواست کے فوراً بعد عمل میں لائی گئی جو درست طریقہ کار نہیں ہے۔

Related Articles

Back to top button