مظفرآباد
یونایٹیڈ ڈاکٹرز فورم آزادکشمیر کی کال پرڈاکٹر ز کی 2 گھنٹے ریاست گیر علامتی ہڑتال
مظفرآباد (خبر نگار خصوصی) آزاد کشمیر بھر کے ڈاکٹرز کے حقوق کے لیے قائم یونائٹیڈ ڈاکٹرز فورم کی کال پر ڈاکٹرز کا 2 گھنٹے کا علامتی احتجاج تیسرے روز بھی جاری۔ ڈاکٹرز کا او پی ڈیز کا بائیکاٹ چارٹر آف ڈیمانڈ حل ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان۔ 2 فروری سے مکمل احتجاج کریں گے۔ یونائٹیڈ ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر واجد علی خان، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین ڈاکٹر وقار اشرف بٹ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر بشارت حیات نے احتجاجی ڈاکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے واضح کہا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں حکومت ان کو حل کرے ہمیں احتجاج کا شوق نہیں لیکن ڈاکٹرز طبقہ کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے پہلے بھی ہمارے ساتھ مذاکرات کیے گئے ہم نے احتجاج موخر کیا لیکن اب ہم مطالبات پورے ہونے تک احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔



