مظفرآباد
وزیراعظم نے 2021میں منسوخ شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکیج بحالی کو ٹرخا دیا (زاہدامین)
مظفرآباد(محاسب نیوز) سٹی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین زاہد امین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم فیصل راٹھور نے نومبر2021ء میں منسوخ شدہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ پیکیج کی بحالی کو ٹرخا دیا ہے، خصوصی پیکیج کی بحالی کے بغیر دارالحکومت کی حالت زار کو کبھی بھی بہتر نہیں کیا جاسکتاہے، انہوں نے کہا کہ جائیکا لینڈ یوز پلان اور ماسٹر پلان کے تحت مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ایم سی ڈی کے بقایا و ادھورے منصوبوں پر عملدرآمد کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیا گیا ہے، پانچ لاکھ آبادی کے گنجان شہر کا بنیادی شہری انفراسٹرکچر نامکمل ہے، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت نیلم جہلم کے مقامی نقصانات کے ازالہ کیلئے حکومت پاکستان سے ستمبر 2018ء میں طے شدہ نکات پر سنجیدہ بات نہیں کر رہی ہے، ستمبر 2018میں پی ایس ڈی پی سے ختم کی گئی، جھیکا گلی کوہالہ مری ایکسپریس وے کی بحالی کو ایک بار پھر نظر انداز کر دیاگیاہے، انہوں نے کہا کہ 1990ء کے مہاجرین جموں و کشمیر اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے احتجاج کی راہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیئے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ مانسہرہ مظفرآباد موٹر وے بشمول لوہار گلی ٹنل کو این ایچ اے اسلام آباد کی خصوصی توجہ درکار ہے، منصوبے پر سست رفتاری سے کارروائی کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ د و نئی جامعات کے قیام نے جامعہ کشمیر کے مسائل کو مزید اُلجھا دیا ہے، جامعہ کشمیر حکومتی توجہ اور ریاستی عدل سے محروم ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزراء، پی ایم ایل (ن)، پی پی پی کے قائدین اور حلقہ ایم ایل اے کے اعلانات و بیانات مضحکہ خیز ہیں، دارالحکومت کے حق پرست سنجیدہ عملی کردار ادا کریں۔





