مظفرآباد

آزادکشمیر میں بجلی نظام بہتر بنایا جائے,چوہدری انورالحق

مظفرآباد (محاسب نیوز‘پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، اور سیکرٹری برقیات ارشاد قریشی نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری برقیات آزادکشمیر ارشاد قریشی کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز، فیڈرز کی اپگریڈیشن، ٹرانسفارمرز کی مرمت و تنصیب اور گرڈ اسٹیشنز کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر کو بجلی کی تنصیبات میں درپیش تکنیکی و مالی مسائل اور مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کی فوری مرمت، لو وولٹیج سے جڑے مسائل کا مستقل حل، اور پرانے و ناکارہ فیڈرز و ٹرانسفارمرز کی اپگریڈیشن کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بجلی کی بحالی، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور گرڈ اسٹیشنز کی استعداد کار میں اضافہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی کے افرسٹرکچر کی بہتری کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، محکمہ برقیات بہتری کے تمام پہلوؤں کی نشاندہی کرے اور موجودہ وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے فوری اقدامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد و محبت کے رشتے کو مضبوط کرنا ہے،انھوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی تنصیبات کی بہتری اور گرڈ اسٹیشنز کو درپیش مسائل کے خاتمہ کے لیے تمام ضروری حکمت عملی کو مرتب کر کے سدباب کے لیے وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

Back to top button