ہم اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھا رہے ہیں،شمس الحق لون
حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں، جب اپوزیشن کے آٹھ اور حکومت کے صرف چھ اراکین ایوان میں موجود ہوں تو کوئی ایکٹ کیسے منظور ہوگا

گلگت (خصوصی رپورٹ)اپوزیشن کے 8 اور حکومتی 6 اراکین کی موجودگی میں کوئی ایکٹ منظور نہیں ہوسکتا۔ صحافی اور عوام حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ کیڈیٹ کالج ترمیمی بل پر صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون وزراء پر برس پڑے،اسمبلی اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ شمس لون نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی عدم موجودگی میں یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں، جب اپوزیشن کے آٹھ اور حکومت کے صرف چھ اراکین ایوان میں موجود ہوں تو کوئی ایکٹ کیسے منظور ہوگا۔ شمس الحق لون نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اپوزیشن کی باتیں ہمارے خلاف ہوتی ہیں، صحافیوں کی تحریریں اور عوام کے کمنٹس بھی ہم پر تنقید کرتے ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے نبھا رہے ہیں۔ کیڈیٹ کالج ترمیمی بل پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا لیکن وزیر داخلہ شمس الحق لون نے اپنے بردبار رویے سے ایوان میں نظم و ضبط اور وقار کو برقرار رکھا۔ ایک روز قبل بھی وہ اسمبلی اجلاس میں حکومتی وزراء اور اراکین کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کر چکے تھے۔ ان کا یہ جرات مندانہ اور اصولی مؤقف نہ صرف اپوزیشن بلکہ عوامی اور سیاسی حلقوں میں بھی تعریف کا باعث بنا، کیونکہ انہوں نے ایوان کے تقدس، شفاف طرزِ حکمرانی اور جمہوری عمل کے استحکام کے لیے بے خوفی سے آواز بلند کی۔