مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت کی پسپائی نوشتہ دیوار ہے، لطیف اکبر

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) سپیکر قانون ساز اسمبلی، سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور بھارت کی پسپائی نوشتہ دیوار ہے، جس قوم نے گردنیں کٹواکر اپنی آزادی کا بنیادی حق حاصل کرنے کیلئے نسل در نسل پرامن جدوجہد جاری رکھی ہو اس کو دنیا کی ساری قوتیں مل کر بھی محکوم نہیں رکھ سکتیں، معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے دوطرفہ کے بجائے عالمی تنازعہ قرار دے کر بھارت کے بیانیہ کو پاؤں تلے روند دیا ہے، جس کی وجہ سے بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہو چکا ہے، جب تک اقوام متحدہ کے چارٹر، سیکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں مل جاتا تب تک عالمی امن کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر شہداء کشمیر، شہداء افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت اور پرامن جدوجہد جاری رکھنے والے غیور کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، 8لاکھ قابض بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی، لاک ڈاؤن، کرفیو کا نفاذ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، کالے قوانین، گھر گھر تلاشیاں،حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اور افواج پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت میں کوئی کمی نہیں آنے دی، افواج پاکستان نے آزادی کشمیر کیلئے تین جنگیں لڑ کر ثابت کر دیا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جسے کسی صورت جدا نہیں کیا جا سکتا، بھارت دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کیلئے آئے روز جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے کر اپنے عوام کو فریب دے رہا ہے،



