اعلیٰ سطح بیورو کریسی اور سیکرٹریٹ جنگلات میں افسران کے تبادلے
مظفرآباد(خبر نگار خصوصی) آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے انتظامی تقاضوں کے پیش نظر اعلیٰ سطح پر بیوروکریسی میں اہم ردوبدل کرتے ہوئے سات سیکرٹریز کے تبادلوں و تعیناتیوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس انتظامی تبدیلی کا مقصد مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا اور پالیسی سطح پر مؤثر حکمتِ عملی کو یقینی بنانا بتایا جارہا ہے۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سید شاہد محی الدین قادری، جو پہلے سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ تعینات تھے، کو تبدیل کر کے سیکرٹری محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح ارشاد احمد قریشی سیکرٹری توانائی و آبی وسائل کے عہدے سے تبدیل کر کے سیکرٹری محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق کے عہدے پر تعینات ہوئے ہیں جبکہ یہ اسامی بطورِ خالی پُر کی گئی ہے۔تبادلے کے سلسلے میں ظفر محمود خان کو سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے تبدیل کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری برائے وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کے خالی عہدے کا اضافی چارج بھی تاحکم ثانی تفویض کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق محمد طیب، جو سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن تھے، کو تبدیل کر کے سیکرٹری محکمہ توانائی و آبی وسائل تعینات کیا گیا ہے۔ امتیاز احمد کو محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سے تبدیل کرتے ہوئے سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن تعینات کر دیا گیا۔محترمہ تہذیب النساء، جو قبل ازیں سیکرٹری اسپورٹس، یوتھ و کلچر ڈیپارٹمنٹ کے فرائض انجام دے رہی تھیں، کو تبدیل کرکے سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح عنایت علی کو محکمہ ایلمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے تبدیل کر کے سیکرٹری سپورٹس، یوتھ و کلچر ڈیپارٹمنٹ مقرر کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق یہ تبدیلیاں اعلیٰ سطحی مشاورت کے بعد عمل میں لائی گئیں اور متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں میں چارج سنبھالنا شروع کر دیا ہے۔ سرکاری سطح پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تقرریاں اور اضافی چارجز تاحکم ثانی برقرار رہیں گے۔ انتظامی حلقوں میں اس ردوبدل کو اہم اور پالیسی سطح کی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔



