پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، قاسم نون

مظفرآباد (خبرنگار خصوصی) پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا، اور یہ ساتھ تا قیامت قائم رہے گا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، یہ قربانیاں رنگ لائیں گی۔پچھلے دو برسوں میں مئی کے واقعات کے دوران عوامی تحریک کشمیر اور دیگر قوتوں کے حوالے سے بعض غلط فہمیاں پیدا کی گئیں، مگر کشمیری عوام اپنی قومی کاز کے ساتھ آج بھی پوری وابستگی سے کھڑے ہیں۔مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تسلط والا علاقہ بن چکا ہے، جہاں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوج ظلم و ستم کی انتہا کر رہی ہے۔ خواتین، بچے، اور بزرگ محفوظ نہیں۔ مساجد شہید کی جا رہی ہیں، اور کشمیریوں کی شناخت مٹانے کے لیے ڈیموگرافک انجینئرنگ کی جا رہی ہے۔ یہ سلسلہ اسرائیلی طرزِ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ایل او سی اور ورکنگباؤنڈری دراصل پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں، اور کشمیری عوام اس دفاع کا لازمی حصہ ہیں۔ پاکستان نے ایٹمی پروگرام، دفاعی توازن، اور سفارتی جدوجہد کے ذریعے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔۔ان خیالات کا اظہارپارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں پارلیمانی کشمیرکمیٹی کے ممبرسردارفتح اللہ خان کے ہمراہ“میٹ دی پریس”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سینٹرل پریس کلب کے صدر سجاد قیوم میر نے کشمیرکمیٹی کے چیئرمین کو سینٹرل پریس کلب کی تاریخ کے حوالے سے بریفنگ دی۔کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے“میٹ دی پریس”سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا، کشمیری عوام اور ریاستِ پاکستان کے مابین تعلق ایک عقیدت، کمٹمنٹ اور قربانی پر مبنی رشتہ ہے جو کسی بھی بیرونی دباؤ یا پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہو سکتا۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ہمارادشمن ففتھ جنریشن وار سے لیکر جو مرضی ہے کر لے کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں۔


