مظفرآباد

مضبوط‘ عوام دوست پولیس قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی (صباح نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہمضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے۔ پاک فوج کے  شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرچیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل پولیس اکیڈمی، اسلام آباد کا دورہ کیا، فیلڈ مارشل نے پولیس سروس آف پاکستان کے افسران سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور وزیرِ مملکت برائے داخلہ بھی موجود تھے۔ بیان کے مطابق نیشنل پولیس اکیڈمی پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے پرتپاک استقبال کیا  جبکہ ایک چاق و چوبند پولیس دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فیلڈ مارشل نے پولیس شہداء کی یادگار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فیلڈ مارشل نے دہشت گردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے مقابلے میں پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو اسکول فار ہائی امپیکٹ ایلیٹ لا انفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (SHIELD) سمیت پولیس کی تربیتی سرگرمیوں، استعداد کار میں اضافے اور جدیدیت سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ASPs) سے بھی ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر سینئر پولیس افسران سے خطاب میں بین الآرگنائزیشن تعاون، جدید پولیسنگ کے طریقہ کار اور عوام کے اعتماد کو بڑھانے پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل  نے کہا کہ پولیس شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن کی حیثیت رکھتی ہے، فیلڈ مارشل نے ادارہ جاتی تعاون، جدید پولیسنگ طریقہ? کار اور عوامی اعتماد کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ مضبوط، پیشہ ور اور عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے،  امن و امان کا قیام ایک مقدس ذمہ داری ہے اور مسلح افواج پاکستان کے بہادر پولیس اہلکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

Related Articles

Back to top button